کرونا سے ملک بھر میں لاک ڈاؤن،سڑکوں پر سناٹا،کاروبار زندگی معطل

  کرونا سے ملک بھر میں لاک ڈاؤن،سڑکوں پر سناٹا،کاروبار زندگی معطل

  



اسلام آباد (آئی این پی) ملک بھرمیں کرونا وائرس کا پھیلا روکنے کیلئے لاک ڈاؤن اور دیگر حکومتی اقدامات کے نتیجے میں کاروبار زندگی معطل ہوگیا، شہری گھروں تک محدود ہوکر رہ گئے،تمام شہروں میں چھوٹے بڑے بازار، شاپنگ مالز، تفریحی گاہیں اور پارکس بند، ساحلی مقامات جانے پر پابندی،کوٹلی ستیاں میں دفعہ 144کے نفاذ کی خلاف ورزی پر شادی کی تقریب میں چھاپہ دولہا گرفتار، ریلوے اسٹیشنوں، ہسپتالوں اور بس اڈوں پر میونسپل عملے کی جانب سے سپرے کا سلسلہ جاری ہے۔ سرکاری احکامات پر عمل درآمد کیلئے کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک بھر میں مارکیٹیں بند ہیں اور تفریحی و تجارتی سرگرمیاں معطل ہیں۔ تمام شہروں میں چھوٹے بڑے بازار، شاپنگ مالز، تفریحی گاہیں اور پارکس بند ہیں جبکہ ساحلی مقامات جانے پر پابندی ہے۔احتیاطی اقدامات کے تحت پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند ہے جس کے باعث سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابرہے اور شاہراہوں پر سناٹے کا راج ہے جس کے نتیجے میں شہری گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔مجبوری کی حالت میں گھر سے باہر نکلنے والے شہریوں نے کہا ہے کہ کام پر نہیں جائیں گے تو گھر کے چولھے ٹھنڈے ہوجائیں گے۔سول حکام کی جانب سے لاک ڈاون کی خلاف ورزی کرنے پر متعدد دکانیں اور ہوٹل بھی سیل کردئیے گئے ہیں، تاہم صرف کھانے پینے کی اشیا کی دکانیں اور میڈیکل اسٹورز کھلے ہیں۔ کوٹلی ستیاں میں دفعہ 144کے نفاذ کی خلاف ورزی کر نے پر شادی کی تقریب میں چھاپہ مار کر دولہا کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا۔ متحدہ علما بورڈ نے عوام سے شب معراج کے موقع پر انفرادی عبادات کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ اس وبا سے نجات کیلئے استغفار، درود شریف، آیت کریمہ کا ورد کریں، جبکہ گھروں میں قرآن کریم کی تلاوت اور ذکر و اذکار کا اہتمام کیا جائے۔کرونا وائرس سے بچا وکے لیے ریلوے اسٹیشنوں، ہسپتالوں اور بس اڈوں پر میونسپل عملے کی جانب سے اسپرے بھی کیا جارہا ہے۔کورونا وائرس کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر (آج)23مارچ کو ایوان صدر اور گورنرز ہاوسز میں یوم پاکستان کے موقع پر قومی اعزازات کی تقریب منسوخ کردی گئی ہے۔ یہ تقریب صورتحال بہتر ہونے پر منعقد کی جائے گی۔ادھر بلوچستان کے علاقے چمن میں پاک افغان سرحد آج 21ویں روز بھی بند ہے اور باب دوستی سے ہر طرح کی دو طرفہ آمدو رفت معطل ہے۔

زندگی معطل

مزید : صفحہ اول