لاہور،دفعہ 144کی کھلی خلاف ورزی،لاک ڈاؤن کا خدشہ،عوام اشیائے خوردونوش پر ٹوٹ پڑے،سٹاک ختم

  لاہور،دفعہ 144کی کھلی خلاف ورزی،لاک ڈاؤن کا خدشہ،عوام اشیائے خوردونوش پر ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر) لاہورمیں دفعہ 144 کی کھلی خلاف ورزی،ریستوران اور ڈیپارٹمنٹل سٹوروں پر لوگوں کازبردست رش دیکھنے میں آیا، پولیس چند مقامات پر کارروائی کے علاوہ دفعہ144 پر عملدرآمد کروانے میں مکمل ناکام رہی جبکہ شہریوں نے بھی پابندی کو ہوا میں اڑا دیا۔ گزشتہ روز حجاموں، پارلرزاور ناشتوں کے اڈوں پر گہما گہمی دیکھنے میں آئی۔ دن بھر بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹوروں پر خریداروں کا رش دیکھنے میں آیا۔شہریوں نے ممکنہ لاک ڈاؤن کے پیش نظر ضرورت سے زائد کھانے پینے کی اشیاء اکٹھی کر لیں۔بیشتر سٹوروں پر اشیائے خوردونوش کا سٹاک ختم ہو گیا۔چھٹی کے باعث حجاموں اورپارلرز پر بھی رش دیکھنے میں آیا۔شہر میں دودھ دہی، گوشت کی دکانیں کھلی رہیں۔ اس کے علاوہ تنور، پٹرول پمپ، فارمیسی، فروٹ اور سبزی منڈی بھی کھلی رہی۔ چھٹی اور دفعہ144 کے باعث شہرمیں ہو کا عالم رہا۔ریستورانوں کو صرف ہوم ڈلیوری اور ٹیک آوے کی اجازت ہے جس کے باعث ان کی چاندی رہی۔اس حوالے سے چند شہریوں کا کہنا تھا کہ قوم کی اکثریت بے حس ہو چکی ہے اور وہ سختی کئے بغیر گھروں میں بیٹھنے کی پالیسی پر عمل نہیں کرے گی۔

لاہور،صورتحال

مزید : صفحہ اول