کرونا وباء کے باعث ملک بھر میں آج یوم پاکستان خاموشی سے منایا جائیگا

کرونا وباء کے باعث ملک بھر میں آج یوم پاکستان خاموشی سے منایا جائیگا

  



مظفرآباد(این این آئی) مملکت خداداد پاکستان کو معرض وجود میں آئے ہوئے 73سالوں میں پہلی بار کرونا وائرس کے عالمی وبائی مرض کے بڑھتے ہوئے مہلک اثرات کے پیش نظر یوم پاکستان چاروں صوبوں سمیت ریاست جموں وکشمیر میں بھی روائتی جوش وخروش اور طے شدہ تقریبات سے ہٹ کر مکمل خاموشی سے آج منایا جائے گا۔ صبح کا آغاز گھروں، مساجد میں قرآن خوانی اوراس دعائیہ عزم کے ساتھ منایاجائے گا کہ وطن عزیز کی سلامتی خوشحالی، ناقابل تسخیر دفاع کی خاطر پاکستانی کشمیری عوام باہمی اتحادو اتفاق سے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح، مصور پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ؒکے ارشادات و فرمودات کے مطابق بڑی سے بڑی قربانیاں پیش کرنے کے لئے اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ میدان عمل میں بر سر پیکار رہے گی۔گزشتہ روز یوم پاکستان کے موقع اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے آزاد کشمیر کے رہنماء شوکت جاوید میر نے کہا کہ 73 سالوں میں قوم نے ہر طرح کے داخلی، خارجی سنگین خطرات کا سامنا کیا لیکن کبھی بھی انہوں نے قومی سلامتی، ملکی مفاد پر کسی قسم کی کوئی مصلحت آڑے نہیں آنے دی بلکہ جنگی حالات میں بھی قوم کے شاہینوں نے دفاعی استعداد کار سے لیس ہو کر اپنی پیشہ وارانہ مہارت کے مظاہرے چشم فلک کے سامنے کئے۔ آج کرونا وائر س جیسے موذی مرض کے خونی پنجوں میں نہ صرف پاکستانی، کشمیری اقوام بلکہ کرہ ارض کی انسانیت جکڑی ہوئی ہے، ایسے حالات میں ملک کی بنیاد رکھنے والی قرار داد پاکستان کے تاریخی موقع پر مکمل خاموشی نے پوری قوم کو سکتے میں ڈال دیا ہے، لیکن پھر بھی قوم جذبات بلند ہیں کیوں کہ ایسے ایام کسی بھی قوم کی زندگی میں لائف لائن کی حیثیت رکھتے ہیں۔

یوم پاکستان

مزید : صفحہ اول