صدرٹرمپ نے کرونا پرانٹیلی جنس وارننگ کو اہمیت نہیں دی، امریکی اخبار

  صدرٹرمپ نے کرونا پرانٹیلی جنس وارننگ کو اہمیت نہیں دی، امریکی اخبار

  



واشنگٹن(آئی این پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کرونا پر وارننگ کو اہمیت نہیں دی، اگر وہ پیشگی اقدامات کر لیتے تو وائرس کا پھیلاؤ سست کیا جا سکتا تھا۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی انٹیلی جنس نے جنوری میں خبردار کر دیا تھا کہ کرونا وبا کی شکل اختیار کر سکتا ہے جس کی روک تھام کیلئے پیشگی اقدامات کرنا ضروری ہیں۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ امریکی صدر ٹرمپ اور ارکان کانگریس نے کرونا پر وارننگ کو اہمیت نہیں دی، صدر ٹرمپ پیشگی اقدامات کر لیتے تو وائرس کا پھیلاؤ سست کیا جا سکتا تھا۔انٹیلی جنس رپورٹ ہونے کے باوجود وقت پر ایکشن نہ لینے پر سابق خاتون اول اور ڈیموکریٹک پارٹی کی رہنما ہلیری کلنٹن نے ٹرمپ انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جنوری میں پتا چل چکا تھا کہ کرونا وبا کی شکل اختیار کر رہا ہے، پھر بھی صدر ٹرمپ نے مارکیٹ میں خوف پھیلنے کے ڈر سے کوئی ایکشن نہیں لیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح تیاریوں کیلئے دستیاب کئی ہفتے ضائع کر دیئے جو اب واپس نہیں آ سکتے۔

امریکی اخبار

مزید : صفحہ اول