ملک بھر میں یوم پاکستان سادگی سے منایا جارہا ہے

ملک بھر میں یوم پاکستان سادگی سے منایا جارہا ہے
ملک بھر میں یوم پاکستان سادگی سے منایا جارہا ہے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر یوم پاکستان آج سادگی سے منایا جارہا ہے، دن کا آغاز توپوں کی سلامی اور ملک کے لیے سلامتی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں کے ساتھ کیا گیا۔یوم پاکستان کے آغاز پر توپوں کی سلامی کے علاوہ نعرہ تکبیر اور ’ پاکستان زندہ باد ‘ کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔
صدر مملکت عارف علوی نے 23 مارچ کے پیغام میں کہاکہ آج ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل حمایت کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کو کورونا کے وبائی مرض کا مقابلہ کرنے کےلئے متحد ہونے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر اور صحت کے کارکنان اس بحران میں دفاع کی اولین صف میں شامل ہیں، قوم انہیں بے لوث کوششوں پر سلام پیش کرتی ہے۔
واضح رہے کہ یوم پاکستان پر ہونے والی پریڈ اور ایوان صدر میں قومی اعزازات کی تقریب پہلے ہی منسوخ کی جا چکی۔حکومتی ذرائع کے مطابق اعزازات کی تقریب صورتحال بہتر ہونے پر منعقد کی جائے گی، جبکہ لاہورمیں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب بھی نہیں ہوگی۔
لاہور میں واہگہ بارڈر، گنڈا سنگھ بارڈر پر قومی پرچم اتارے جانے کی تقریبات میں بھی شہری شریک نہیں ہوں گے،اس کے علاوہ ایوان کارکنان تحریک پاکستان نے بھی تمام تقریبات منسوخ کردی ہیں جب کہ سیاسی اورمذہبی جماعتوں کی طرف سے بھی کوئی تقریب نہیں ہوگی۔