23مارچ کا جذبہ قیام پاکستان کا باعث بنا،آج اسی جذبے کے تحت ہم نے یکجہتی اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے،فردوس عاشق اعوان

23مارچ کا جذبہ قیام پاکستان کا باعث بنا،آج اسی جذبے کے تحت ہم نے یکجہتی اور ہم ...
23مارچ کا جذبہ قیام پاکستان کا باعث بنا،آج اسی جذبے کے تحت ہم نے یکجہتی اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے،فردوس عاشق اعوان

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ 23مارچ کا جذبہ قیام پاکستان کا باعث بنا۔آج اسی جذبے کے تحت ہم نے یکجہتی اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔کرونا کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے ہم میں کوئی تقسیم نہیں،عوام کا تحفظ ، سلامتی اور صحت ہم سب کی ترجیح ہے۔ وباءپر قابو پانے کےلئے مشترکہ کاوشوں کو تقویت دینا ہے۔

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہاہے کہ 23 مارچ تاریخ کا وہ روشن دن ہے جب مسلمانانِ برصغیر کو ایک واضح نصب العین ملا۔یہ اس دن کی یاد دلاتا ہے جب مسلمانوں نے برطانوی سامراج اور ہندو تسلط سے خود کو آزاد کرانے کیلئے علیحدہ وطن کا مطالبہ کیا۔

فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹوئٹ میں کہاہے کہ بانیان پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے آزاد وطن کے حصول کی بے مثال جدوجہد کی اور پاکستان کو دنیا کے نقشے پر لا کھڑا کیا۔

انہوںں نے کہاکہ بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر ہونے والا ظلم قائد اعظم کے دو قومی نظریے کی سچائی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔سات ماہ سے زائد محصور بے گناہ کشمیری عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ رہے ہیں۔مہذب دنیاکشمیریوں کوانکا جائز، قانونی اور جمہوری حق دلوائے۔

معاون خصوصی نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز بن کر ابھرے ہیں۔پاکستان استصواب رائے کا حق ملنے تک کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

مزید : قومی /علاقائی /اسلام آباد