بھارت میں پولیس کمانڈوزپر حملہ، کم ازکم 17 اہلکار مارے گئے

بھارت میں پولیس کمانڈوزپر حملہ، کم ازکم 17 اہلکار مارے گئے
بھارت میں پولیس کمانڈوزپر حملہ، کم ازکم 17 اہلکار مارے گئے

  



راج پور(ویب ڈیسک) بھارت میں مائو نواز باغیوں نے پولیس کمانڈوز کے قافلے پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 17 اہلکار ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے جب کہ 12 اہلکار لاپتہ ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع سکما سے گزرنے والے پولیس کمانڈوز کے قافلے پر 300 سے زائد ماﺅ نواز باغیوں نے حملہ کر دیا، حملہ آوروں کی اندھا دھند فائرنگ کی زد میں آکر میں 17 اہلکار ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ شلاب سنہا نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ ماﺅ نواز باغیوں کے ایک گروہ نے پولیس کمانڈوز کے قافلے کو گھات لگا کر حملے کا نشانہ بنایا، جوابی کارروائی میں 4 باغی بھی مارے گئے۔ حملے کے بعد سے 12 اہلکار لاپتہ ہیں۔

حملے کا شکار ہونے والے کمانڈوز اس علاقے میں باغیوں کیخلاف آپریشن کرنے گئے تھے تاہم اس سے قبل ہی ماﺅ باغیوں نے کمانڈوز پر حملہ کردیا جس کے بعد دونوں کے درمیان کئی گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ باغی جاتے ہوئے بھارتی پولیس کا اسلحہ بھی لے گئے۔واضح رہے کہ بھارتی ریاستوں جھاڑ کھنڈ، مغربی بنگال، اڑیسہ، بہار، چھتیس گڑھ، مہاراشٹرا اور آندھرا پردیش سمیت دیگر ریاستوں میں 1960 سے ماﺅ نواز کارکنان بھارت سے آزادی کے لیے مسلح جدوجہد کر رہے ہیں۔

مزید : بین الاقوامی