"اپنی جان کو خطرے میں مت ڈالیں" جناح ہسپتال کے ڈاکٹر نے مشورہ دیتے ہوئے مفت میں اپنی خدمات فراہم کرنے کا اعلان کردیا، ٹیلی فون نمبر بھی جاری

"اپنی جان کو خطرے میں مت ڈالیں" جناح ہسپتال کے ڈاکٹر نے مشورہ دیتے ہوئے مفت ...

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان میں کورونا کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر حکومت نے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی اپیل کی ہے اور کئی ہسپتالوں نے معمول کے چیک اپ کے لیے اوپی ڈی سروس بھی بند کردی لیکن اب جناح ہسپتال کے ڈاکٹر احمد حسن رانجھا نے بھی لوگوں سے درخواست کی ہے کہ غیر ضروری طورپر اب ہسپتالوں کا رخ نہ کریں، انہوں نے گھر بیٹھے ہی لوگوں کو فون پر ہی معاونت اور رہنمائی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنا نمبر بھی جاری کردیا۔

اپنے سوشل میڈیا اکائونٹ پر ڈاکٹر احمد حسن رانجھا نے لکھا کہ ’’ میرا نام ڈاکٹر احمد حسن رانجھا ہے، میں جناح ہسپتال لاہور کے میڈیسن وارڈ میں میڈیکل اسپیشلسٹ اور سئینر رجسٹرار کے طور پر کام کر رہا ہوں، میرا رابطہ نمبر ہے 03334382120۔آپ اس نمبر پہ کسی بھی قسم کا طبی مشورہ بغیر کسی معاوضہ کے کسی بھی وقت کر سکتے ہیں۔براہ مہربانی غیر ضروری طور پر ہسپتالوں کا رخ کر کے اپنی جان کو خطرے میں مت ڈالیں‘‘۔

ان کے اس اعلان کو  سوشل میڈیا صارفین نے بھی سراہا اور  ناصر محمود اعوان نے لکھا کہ ’’ ڈاکٹراحمد حسن رانجھا قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔۔۔ قوم کی طرف سے ایسے ہیروز کو سیلیوٹ‘‘۔

شکیل انجم نے ڈاکٹر احمد حسن کے اس شاندار اقدام پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے عوام سے بھی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ ڈاکٹر کو اپنے معمول کے فرائض بھی سرانجام دینا ہوں گے، اس لیے غیر ضروری کال سے اجتناب کریں۔

مزید : قومی /کورونا وائرس