''پی سی بی کیخلاف کارروائی کریں اور حکومت۔۔۔'' پی ایس ایل میچز پر جوئے کا انکشاف، راشد لطیف نے بڑا مطالبہ کر دیا

''پی سی بی کیخلاف کارروائی کریں اور حکومت۔۔۔'' پی ایس ایل میچز پر جوئے کا ...
''پی سی بی کیخلاف کارروائی کریں اور حکومت۔۔۔'' پی ایس ایل میچز پر جوئے کا انکشاف، راشد لطیف نے بڑا مطالبہ کر دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان راشد لطیف نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوران آن لائن سٹے بازی کمپنی سے معاہدے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ دیگر ملکوں میں یہ معمول کی بات ہے مگر پاکستان میں قطعی طور پر قابل قبول نہیں، سٹیک ہولڈرز حکومت سے مداخلت کیلئے کہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں یہ خبریں سامنے آئیں کہ پی ایس ایل میچز پر پاکستان سے باہر قانونی سٹے بازی کیلئے پی سی بی نے ایک کمپنی سے معاہدہ کیا جس کے تحت اسے لائیو سٹریمنگ کی بھی اجازت تھی، پی سی بی نے بھی تصدیق کی تھی کہ کمرشل رائٹس ہولڈر کمپنی نے آگے ڈیل کی، مگر صرف ان ملکوں میں آن لائن سٹہ ہوا جہاں اسے قانونی حیثیت حاصل تھی، اپنے یوٹیوب چینل پر رد عمل میں سابق کپتان راشد لطیف نے کہاکہ دیگر ملکوں میں فٹبال سمیت میچز پر جوا معمول کی بات ہے مگر پاکستان میں یہ قطعی طور پر قابل قبول نہیں، پی سی بی کا اس میں کسی بھی طور ملوث ہونا غیر قانونی ہے اور اس کیخلاف ایکشن لینا چاہیے، کورونا وائرس کی وجہ سے اس وقت مشکل صورتحال ہے لیکن آئندہ اس طرح کی غلطی نہیں دہرائی جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے سٹیک ہولڈرز بھی اس کا نوٹس لیتے ہوئے حکومت پاکستان سے مداخلت کی درخواست کریں، کسی بھی نوعیت میں کرپشن کرکٹ کیلئے تباہ کن ثابت ہوسکتی ہے۔یاد رہے کہ بالواسطہ معاہدہ کرنے والی کمپنی نے لائیو سٹریم ہونے والے پی ایس ایل کے میچز پر انگلینڈ سمیت کئی ملکوں میں قانونی آن لائن سٹے بازی کرائی تھی۔
 
 

مزید :

کھیل -PSL -PSL News Update -