تحریک انصاف کا جلسہ، انتظامیہ نے مینار پاکستان پر پانی چھوڑ دیا، میاں اسلم اقبال کادعویٰ

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) میاں اسلم اقبال نے دعویٰ کیا ہے کہ ضلعی حکومت نے مینار پاکستان کے گراؤنڈ میں پانی چھوڑ دیا ہے جبکہ تحریک انصاف نے وہاں جلسے کا اعلان کیا ہوا ہے۔ ان کے اس دعوے پر آزاد ذرائع یا حکومت کا موقف معلوم نہیں ہوسکی۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے واضح احکامات کے باجود انتظامیہ کا جلسہ گاہ میں پانی چھوڑنا قابل مذمت ہے ،حکومت نے جلسے کو ناکام بنانے کے لیے ایک طرف بدترین کریک ڈاؤن شروع کیا ہوا ہے اور دوسری طرف جلسہ گاہ میں پانی چھوڑ دیا ہے ، اس طرح کے اقدامات نام نہاد حکمرانوں کی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ضلعی حکومت نے پنجاب حکومت کے کہنے پر مینار پاکستان پر پانی چھوڑا ہے، اس حرکت سے ثابت ہوگیا ہے کہ نگران حکومت وفاقی حکومت کی کٹھ پتلی ہے ۔