واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی خلائی ایجنسی ناسا کے مطابق ایک دیو ہیکل سیارچہ، جس کا سائز تقریباً تاج محل کے دو گنا کے برابر ہے، زمین کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ یہ سیارچہ، جس کا نام 2014 TN17 ہے، 540 فٹ چوڑا ہے اور 77 ہزار 282 کلومیٹر فی گھنٹہ کی حیران کن رفتار سے سفر کر رہا ہے۔
نیوز 18 کے مطابق یہ سیارچہ اپالو گروپ سے تعلق رکھتا ہے، جو زمین کے قریب موجود خلائی اجسام میں شامل ہے۔ ناسا نے اسے ممکنہ طور پر خطرناک سیارچہ قرار دیا ہے، حالانکہ فی الحال اس کا زمین سے ٹکرانے کا خطرہ نہیں ہے۔ تاہم اس کے مدار میں معمولی تبدیلی اسے زمین کی طرف لے جا سکتی ہے ، جس کے باعث اس پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
ناسا کے مطابق یہ سیارچہ 26 مارچ 2025 کو پاکستانی وقت کے مطابق شام چار بج کر 34 منٹ پر زمین کے قریب ترین فاصلے سے گزرے گا۔ یہ زمین سے تقریباً 50 لاکھ کلومیٹر دور ہوگا جو زمین اور چاند کے درمیانی فاصلے سے 13 گنا زیادہ ہے۔