کراچی کے بعض علاقوں میں صورتحال بدستور کشیدہ ، امتحانات ملتوی ،بعض علاقوں میں کاروبار بند

کراچی کے بعض علاقوں میں صورتحال بدستور کشیدہ ، امتحانات ملتوی ،بعض علاقوں ...
کراچی کے بعض علاقوں میں صورتحال بدستور کشیدہ ، امتحانات ملتوی ،بعض علاقوں میں کاروبار بند

  



کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)شہرقائد میں گزشتہ روز ریلی پر فائرنگ کے بعد حالات آج بھی کشیدہ ہیں اور اولڈ سٹی ایریا مکمل طور پر بند ہے جبکہ باقی علاقوں میں صورتحال معمول کی جانب گامزن ہے۔ دولاشیں ملنے کے علاوہ ایک شخص کو فائرنگ کرکے قتل کردیاگیاجبکہ رینجر نے رات گئے چھاپوں میں متعددمشتبہ افراد کو گرفتارکرلیاہے۔اولڈ سٹی ایریا میں کھارادر، میٹھادر، لی مارکیٹ اور چاکیواڑہ میں صبح سویرے فائرنگ کرکے دکانیں بند کرادی گئیں۔ لی مارکیٹ میں ایک بس کو آگ لگادی گئی جبکہ قائدآباد میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ اولڈ سٹی ایریا میں پولیس کی نفری چوکوں پر کھڑی رہی۔ ٹرانسپورٹ مکمل بند ہے ۔ شہر کے دیگر علاقوں میں ٹرانسپورٹ معمول سے کم ہے تاہم کاروبار کھلنا شروع ہوگیا ہے۔ شہر کے تمام تعلیمی اداروں میں آج ہونے والے امتحانات ملتوی کردئے گئے تھے۔ گذشتہ روز پان منڈی کے علاقے میں عوامی تحریک اور کراچی سٹی الائنس کی ریلی پر فائرنگ سے تیرہ افراد جاں بحق اور نجی ٹی وی کے رپورٹر، کیمرہ مین اور ایس ایچ او چاکی واڑہ سمیت 38افراد زخمی ہوگئے۔ فیڈرل بی ایریا میں کچراکنڈی سے دو افراد کی ہاتھ پاﺅں بندھی لاشیں ملیں۔ پولیس کے مطابق دونوں افراد کو اغواءکے بعد قتل کیا گیا تھا۔ کراچی کے علاقے اولڈ سٹی ایریا، لائنزایریا،رام سوامی، رنچھوڑ لائن سمیت دیگر علاقوں میں زینجرز نے ٹارگیٹڈ کارروائی کرکے بارہ سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، ملزمان کے قبضے سے دو اینٹی ائیر کرافٹ گنز، گیارہ رپیٹر، بائیس کلاشنکوف، متعدد ٹی ٹی پستول اور آٹھ ہزار سے زائد گولیاں برآمد کرلیں۔

مزید : کراچی