نواز شریف کا اپنی صفائی میں گواہ پیش کرنے سے انکار
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے احتساب عدالت میں اپنی صفائی میں کوئی گواہ پیش کرنے سے انکار کردیا ۔
احتساب عدالت میں میاں نواز شریف نے آج (بدھ کو) مسلسل تیسرے روز اپنا بیان ریکارڈ کرایا اور 128 میں سے باقی رہ جانے والے 5 سوالوں کے جوابات دیے۔ آخری سوال ’کیا آپ اپنی صفائی میں کوئی گواہ پیش کرنا چاہیں گے؟‘ کے جواب میں میاں نواز شریف نے گواہ پیش کرنے سے انکار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اپنے حق میں گواہ پیش کرنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ نیب اپنے الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے، نیب یہ بھی ثابت نہیں کرسکا کہ میرے بچے بے نامی دار ہیں، یہ بھی ثابت نہیں ہوسکا کہ لندن فلیٹس کی خریداری کے وقت بچے میرے زیر کفالت تھے۔
نواز شریف کی جانب سے 128 سوالوں کے جواب مکمل ہونے کے بعد عدالت نے ان سے پوچھا کہ وہ ان سوالوں کے علاوہ مزید کچھ کہنا چاہیں گے جس پر نواز شریف نے 6 صفحات پر مشتمل ایک تقریر پڑھی ۔