’حافظ سعید کی لشکر طیبہ نے وہ موبائل فون تیار کرلیا ہے جس کو انٹیلی جنس ایجنسیاں۔۔۔‘ ایسا دعویٰ کہ پورا بھارت خوف میں ڈوب گیا
نئی دلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کے طول و عرض میں علیحدگی پسندی کی تحریکیں جاری ہیں اور آئے روز اس کے شہروں میں مقامی شدت پسند مسلح کاروائیاں کرتے ہیں۔ ایسے میں بھارتی خفیہ ایجنسیوں کو خوب بہانہ ہاتھ لگا ہے کہ جب بھی کوئی واقعہ ہوتا ہے تو اس کا الزام پاکستان پر ڈال دیتے ہیں۔ لشکر طیبہ اور حافظ سعید تو بھارتی حکام کے ہاتھ میں خاص ہتھیار ہیں جنہیں وہ ہر موقع پر الزام بازی کے لئے استعمال کرتے ہیں۔ اس حوالے سے اب ان کی تازہ کہانی سن لیجئے۔ بھارتی خفیہ ایجنسیوں کا کہنا ہے لشکر طیبہ کے سٹوڈنٹ ونگ ’المحمدیہ‘ نے ایک ایسا موبائل ہینڈ سیٹ تیار کر لیا ہے جسے استعمال کرتے ہوئے لشکر طیبہ کے ارکان آپس میں خفیہ رابطے کر سکتے ہیں اور کوئی بھی ان کی مانیٹرنگ نہیں کر سکتا۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بھارتی ایجنسیوں نے بتایا ہے کہ اس موبائل فون میں ایک خاص قسم کی چپ داخل کرنے کے بعد یہ خود بخود قریبی ترین موبائل ٹاور سے رابطہ کرلیتا ہے اور اس کے ذریعے کی جانے والی کالز کو کوئی ایجنسی مانیٹر نہیں کر سکتی۔ اگر کوئی اس ہینڈ سیٹ کی کال کو مانیٹر کرنے کی کوشش کرے بھی تو یہ کال خود بخود ختم ہوجاتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ انکشافات اس وقت سامنے آئے جب بھارتی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے لشکر طیبہ کے ایک مبینہ شدت پسند سے تفتیش کی۔ اس مبینہ شدت پسند کا نام زیب اللہ عرف حمزہ بتایاگیا ہے اور اسے 7 اپریل کے روز مقبوضہ کشمیر میں کپواڑہ کے علاقے جگ دیال سے گرفتار کیا گیا تھا۔ بھارتی ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ یہ نوجوان ایک پاکستانی انکم ٹیکس آفیسر کا بیٹا ہے اور اس کی دی گئی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ لشکر طیبہ بھارت مخالف سرگرمیوں کے لئے سینکڑوں نوجوانوں کو بھرتی کرکے تربیت دے رہی ہے۔
بھارتی ایجنسیوں نے یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ جماعت الدعوہ مظفر آباد کے جنگلات میں ایک ٹریننگ کیمپ چلارہی ہے جہاں مقبوضہ کشمیر میں فدائی حملے کرنے کے لئے نوجوانوں کو تیار کیا جاتا ہے جبکہ اسی طرح کے دیگر چھ ٹریننگ کیمپ بھی جماعت الدعوہ کے زیر سایہ کام کررہے ہیں۔ بھارتی ایجنسیوں نے ان کیمپوں کے نام تبوک، اقصیٰ مسقر، کے ایف سی، دخان اور دورہ بیت الرضوان بتائے ہیں اور دعویٰ کیا ہے کہ ان میں سے ہر کیمپ کا مقصد شدت پسندوں کو مختلف قسم کی تربیت اور لڑائی کے لئے ہتھیار و اسباب فراہم کرنا ہے۔