ملک کے ائیرپورٹس میں توسیع وتزئین کا کام جاری،مسلم لیگ ن نے پشاور کو عالمی معیار کا ائیر پورٹ دیا:وزیر اعظم
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ مشکلات کے باوجودپشاور میں باچا خان ایئرپورٹ کی توسیع وتزئین کے منصوبے کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے ،مسلم لیگ ن کی حکومت نے پشاور کو عالمی معیار کا ایئرپورٹ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا باچا خان ایئرپورٹ کی توسیع وتزئین سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ توسیع کے باعث مسافروں کو زیادہ سہولیات فراہم ہوں گی اور کافی عرصے سے زیر التوا اسلام آباد، سیالکوٹ اور ملتان ایئرپورٹ توسیع منصوبے بھی کامیابی سے مکمل کیے ہیں۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ کوئٹہ ایئرپورٹ توسیع منصوبے کا اگلے ہفتے افتتاح کریں گے جبکہ لاہور ایئرپورٹ توسیع منصوبہ تکمیل کے مراحل میں ہے اور کراچی ایئرپورٹ کی تزئین وآرائش کے لیے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 1700 کلو میٹر طویل 6 رویہ موٹر ویز زیرتکمیل ہیں اور ملک بھر میں موٹر ویز اور ہائی ویز کانیٹ ورک بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت 6 فیصد اقتصادی شرح نمو حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔