فیصل آباد الائیڈ ہسپتال میں مریض در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور، سٹریچر کینٹین پر بوتلیں اٹھانے کیلئے استعمال ہونے لگے
فیصل آباد (ڈیلی پاکستان)الائیڈ ہسپتال میں الٹی گنگا بہنے لگی ، مریضوں کو ٹھنڈا پانی میسر ہو یانہ ہو لیکن پرائیویٹ کینٹین کو سرکاری بجلی مفت فراہم کردی گئی ، مریضوں کیلئے فر اہم کیا جانیوالا سٹریچر باربرداری کیلئے استعمال ہونے لگا۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد ڈویژن کے سب سے بڑے الائیڈ ہسپتال میں جہاں عام مر یضوں کے لئے سہولیات عمومی طور ناپید ہوتی ہیں لیکن عملے اور کینٹین کے پر ائیویٹ کنٹریکٹر کی ملی بھگت سے سرکاری بجلی مفت فراہم کی جا رہی ہے ، پانی کی بوتلیں سپلائی کرنے کیلئے کینیٹن کے ملازمین کی جانب سے مریضوں کو لے جانے والا سٹریچر استعمال کیا جاتا ہے ۔
تصاویر میں ہسپتال کے ائر کنڈیشنر سے کینٹین کے واٹر کولر کے تار براہ راست جوڑے گئے ہیں جبکہ سٹریچر پر پانی کی بوتلیں رکھ کر لے جائی جا رہی ہیںجبکہ مریضوں کے لواحقین کی جانب سے کینٹین کے واٹر کولر سے ملنے والے پانی کے ناقص ہونے کی شکایات کی جارہی ہیں ۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی ان حقائق سے یاتو لاعلم ہے یاپھر وہ سرکاری ہسپتال ہونے کی وجہ سے جان بوجھ کر نظر انداز کر رہی اور پانی کے سیمپل لیکر تجزیئے کیلئے لیبارٹری نہیں بھجوائے گئے ۔