سیمنٹ کی بر آمدات 243ملین ڈالر تک پہنچ گئیں
اسلام آباد(اے پی پی) رواں مالی سال کے دوران ملک سے سیمنٹ کی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 31 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعداد وشمار کے مطابق جولائی سے لے کر اپریل2019ء تک پاکستان میں سیمنٹ کی برآمدات سے 243.118 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل کیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں تقریباً 31 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں پاکستان میں سیمنٹ کی برآمدات سے 185.741 ملین ڈالر زرمبادلہ حاصل کیا تھا۔ مقدار کے لحاظ سے اسی عرصہ میں سیمنٹ کی برآمدات میں 52.72 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 10 مہینوں میں 37 لاکھ 42 ہزار 963 میٹرک ٹن سیمنٹ کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔ رواں سال یہ مقدار 57 لاکھ 16 ہزار 154 میٹرک ٹن رہی۔