3ارب 20کروڑ ڈالر کا ادھار تیل، سعودی عرب جولائی سے فراہمی شروع کریگا، ڈالر اوپن مارکیٹ میں ایک روپیہ سستا سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، انٖٖڈیکس 1195پوائنٹس بڑھ گیا، 12نفسیاتی حدیں بحال
کراچی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) پاکستان کی مشکل معاشی صورتحال میں سعودی عرب ایک بار پھر اہم کردار ادا کرنے کو تیار ہوگیا، پاکستان ا و ر سعودی عرب کے درمیان اعلی سطح کے رابطے ہوئے ہیں جس کے بعد سعودی عرب سے پاکستان کو ادھار تیل کی ترسیل شروع ہونے کا امکان ہے،ذرائع نے بتا یا ہے سعودی عرب پاکستان کو 3 ارب ڈالر مالیت کا تیل ادھار پر دے گا، دونوں ممالک کے درمیان ادھار تیل کی ادائیگی کا معاہدہ پہلے ہی ہوچکا ہے۔ ادھار تیل ملنے سے روپے کی قدر میں استحکام اور ڈالر کی قدر میں کمی آئے گی، تیل کی بڑھتی قیمتوں کے باعث درآمدی بل میں غیر معمولی اضافہ ہوا، رواں مالی سال پاکستان 10 ارب ڈالر کا تیل درآمد کر چکا ہے۔ مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے سماجی رابطے کی ایک ویب سائٹ پر پیغام جاری کیا ہے کہ سعودی عرب تین سال تک پاکستان کو 3 ارب 20 کروڑ ڈالر کا تیل ادھار دینے کے عمل کی شروعات یکم جولائی سے کر رہا ہے۔ انہوں اس امر پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ بھی ادا کیا۔مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے بتایا کہ سعودی عرب تین سال تک پاکستان کو 3 ارب 20 کروڑ ڈالر کا تیل ادھار دے گا۔ اس سے پاکستان کی ادائیگیوں کے توازن کی پوزیشن بہتر ہوگی۔مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام کی حمایت پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا شکر گزار ہیں۔ دوسری طرفگزشتہ روزانٹربینک میں ڈالر کی قدر میں تین پیسے اضافہ ہوا جس کے بعد ڈالر 151 روپے 95 پیسے پر بند ہوا جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپیہ سستا ہوکر 153 روپے کا ہوگیا۔انٹربینک میں کاروبار کے آغاز پر ڈالر 8 پیسے مہنگا ہوکر 152 روپے کا ہوگیا تاہم کچھ دیر بعد اس کی قدر میں کمی واقع ہونا شروع ہوگئی اور ڈالر 2 پیسے کی کمی سے 151 روپے 90 پیسے کا ہوگیا۔فاریکس ڈیلرز کے مطابق کاروبار کے دوران ڈالر کی قدر میں مزید کمی ہوئی، انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر میں 3 پیسے اضافہ ہوا اور ڈالر 151 روپے 95 پیسے پر بند ہوا۔انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپیہ سستا ہوکر 153 روپے کا ہوگیا دوسری طرف پاکستان سونے کی قیمت میں بھی گزشتہ رو 800روپے تولہ کمی آئیدوسری طرف کراچی سے اکنامک رپورٹر کے مطابق وفاقی وزارت خزانہ کے اقدامات سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بہتری آنے لگی کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بدھ کومارکیٹ میں زبردست تیزی رہی اور کے ایس ای100انڈیکس کی33500،33600،33700،33800،33900،34000،34100،34200، 34300،34400، 34500 اور34600 کی 12نفسیاتی حدیں بحال ہوگئیں،تیزی کے نتیجے میں سرمایہ کاری مالیت میں 1کھرب97ارب19کروڑروپے سے زائدکااضافہ،کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت32.54فیصدزائد جبکہ84.16فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔بدھ کو مارکیٹ کا آغاز ملے جلے رجحان سے ہواتاہم بعدازاں حکومتی مالیاتی اداروں اور مقامی بروکریج ہاؤسزسمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے بینکنگ،ٹیلی کام،توانائی،فوڈز،کیمیکلزاور دیگرمنافع بخش سیکٹرکی نچلی سطح پر آئی ہوئی قیمتوں پر خریداری کے باعث کے ایس ای 100انڈیکس دوران ٹریڈنگ 34698پوائنٹس کی سطح پر بھی دیکھا گیاتاہم اتارچڑھاؤکے باعث کے ایس ای 100انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکا،مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس1195.04پوائنٹس اضافے سے34637.14 پوائنٹس پر بندہوا۔بدھ کومجموعی طور پر360کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے303کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ،50کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ7کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں 1کھرب97ارب19کروڑ99لاکھ40ہزار227روپے کااضافہ ریکارڈ کیاگیا،جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر70کھرب73 ارب56 کروڑ 67لاکھ54ہزار76روپے ہوگئی۔بدھ کومجموعی طور پر20کروڑ33 لاکھ98ہزار120شیئرزکاکاروبارہوا،جومنگل کی نسبت4کروڑ99لاکھ71 ہزار520شیئرز زائد ہیں۔کے ایس ای30انڈیکس631.19پوائنٹس اضافے سے16512.21پوائنٹس،کے ایم آئی30انڈیکس2673.88پوائنٹس اضافے سے55866.34پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس711.17پوائنٹس اضافے سے25529.10پوائنٹس پربندہوا۔ ادھرکویتی کمپنی پاکستان میں تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش کے لیے 98 لاکھ ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گی۔پیٹرولیم ڈویڑن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق کویتی کمپنی کی ذیلی کمپنی پنجاب اور خیبرپختونخوا میں تیل و گیس تلاش کرے گی، 98 لاکھ ڈالرز ابتدائی سرمایہ کاری ہو گی۔ دونوں ممالک کے درمیان تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش کے لائسنس اجراء معاہدے پر دستخط بھی ہو گئے ہیں۔وزارت پیٹرولیم کے مطابق ملک میں تیل و گیس کی تلاش پر محنت ضرور رنگ لائے گی، معاہدے کو عملی جامہ پہنانے سے غیر ملکی سرمایہ کاری کو وسعت ملے گی۔قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے کویت پیٹرولیم کے سی ای او نے وفد کی صورت میں ملاقات کی۔وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران کویت پیٹرولیم کے سربراہ نے پاکستان میں کاروباری سرگرمیاں بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا اور پا کستا ن میں تیل و گیس کی تلاش کے منصوبے سے آگاہ کیا۔وزیراعظم عمران خان نے کویت پیٹرولیم کے سربراہ اور وفد کا خیرمقدم کیا اور کہا حکومت کویت پیٹرولیم کی کاروباری آ پر یشنز میں معاونت جاری رکھے گی۔وزیراعظم نے کہا حکومت تیل و گیس کے شعبے کے لیے نئی پیٹرولیم پالیسی پر کام کر رہی ہے، نئی پیٹرولیم پالیسی میں غیر ملکی کمپنیوں کو مراعات دی جا رہی ہیں۔ نئی پیٹرولیم پالیسی میں سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹیں دور کی جا رہی ہیں۔
سعودی تیل