مولانا فضل الرحمن دین اسلام کو نگاہ میں رکھیں اسلام آباد نہیں: فردوس عاشق
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے فضل الرحمن اسلام کونگاہ میں رکھیں اسلام آباد نہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے مولانا فضل الرحمن پر تنقید کرتے ہوئے کہا بچوں کوکرپٹ مافیاکیلئے سیاسی قوت بنانا اسلام ہے اور نہ جمہوریت۔فردوس عاشق اعوان نے کہا فضل الرحمن عمران خان کی عداوت میں مبتلا ہیں تاہم عالم دین ہونے کی حیثیت سے وہ امن کو فروغ دیں عداوت کو نہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب کے انٹرویو سے متعلق خود نیب کو وضاحت دینی چاہیے، اگر وضاحت نہیں آئے گی تو غلط خبریں پھیلیں گی۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بھی نیب کو دھمکیاں دینے کے بجائے اپنے اوپر لگے الزامات کا جواب دے کیونکہ نیب سے چھپن چھپائی کھیلنا مسئلے کا حل نہیں ہے۔مسلم لیگ (ن) کی نائب صدرمریم نواز کے بہاولپور میں خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے معاون خصوصی وزیراعظم برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کرپشن کنگ خود کو بچانے کیلئے اپنے بچوں کو سیاست کی بھٹی میں جھونک چکے ہیں،یہ وہی کردار ہیں جو بے نامی دار ہیں،عدالتوں میں کچھ اور انٹرویوز میں کچھ اور کہتے ہیں،یہ وہی کردار ہیں جو پارلیمان میں کہتے تھے" یہ ہیں وہ ذرائع" اور عدالت میں مکر گئے اور اسے سیاسی بیان کہنے لگے۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ ملکی خزانے پر جھاڑو نہ پھیرتے تو آج ملک اور قوم غریب نہ ہوتے، یہ وہ کردار ہیں جو چوری کرکے بھی قوم کے ساتھ سینہ زوری کر رہے ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مریم نواز کا تعزیتی بیٹھک کو سیاسی دکانداری کیلئے استعمال کرنا قابل افسوس ہے جبکہملک کو مسائل کی دلدل میں دھکیلنے والے9ماہ کے قلیل عرصے کا کس منہ سے حساب مانگتے ہیں۔
فردوس عاشق