پنجاب حکومت کا صوبے بھر میں پناہ گاہیں قائم کرنے کا اعلان، بجٹ میں نئے پاکستان کی جھلک نظر آئیگی: عثمان بزدار
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اگلے مالی سال میں تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز اور اس سے اگلے مرحلے میں تمام اضلاع میں پناہ گاہیں قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے مالی سال میں لاہور کے6 بڑے ہسپتالوں میں مریضوں کے لواحقین کیلئے بھی پناہ گاہیں پوری طرح فنکشنل ہوں گی او ر ان شیلٹرز کی تعمیر مخیر حضرات اپنے وسائل سے کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں ریلوے سٹیشن کے نزدیک تعمیر ہونے والی پناہ گاہ کے افتتاح پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے افتتاح کے بعد پناہ گاہ کا دورہ کیا اور وہاں قیام کرنے والے افراد کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ کو لاہور میں تعمیر ہونے والی پناہ گاہوں کی تعمیر کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پناہ گاہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق نادار لوگوں کیلئے قیام و طعام کے ایک اور وعدے کی تکمیل کی جانب قدم بڑھا رہے ہیں جبکہ ماضی میں حکومتی سطح پر اس نوعیت کے منفرد ادارے کے قیام کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پناہ گاہو ں کے انتظام و انصرام کیلئے گوہر اعجاز کی سربراہی میں بورڈ آف گورنر تشکیل دیاجا چکا ہے جو پناہ گاہوں کے امور کا نگران ہوگا۔وزیراعلیٰ نے پناہ گاہوں کے قیام کیلئے تعاون کرنے والے مخیرحضرات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں پورے یقین اور اعتماد سے کہہ سکتا ہوں کہ وہ وقت دور نہیں جب کوئی مزدور،کوئی مسافر کھلے آسمان تلے خالی پیٹ سونے پر مجبور نہیں ہوگاکیونکہ اب احساس کی دولت سے مالا مال لوگ اسے سنبھالنے کیلئے موجود ہو ں گے۔ایوان وزیراعلیٰ میں مالی سال 2019-20ء کے بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے اہم خد و خال بارے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سردار عثمان بزدار نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے نئے مالی سال 2019-20ء کا بجٹ عوام کی امنگوں کا ترجما ن ہوگااوربجٹ میں نئے پاکستان کی حقیقی جھلک نظر آئے گی جبکہ وسائل کے اندر رہتے ہوئے عوام کو ریلیف دینے کی پوری کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ غیر ضروری اخراجات کو کم کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے اورایسے اقدامات تجویز کیے جائیں جن سے وسائل میں اضافہ ہواورعام آدمی کو ریلیف ملے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ روایتی طریقہ کار ترک کر کے منفردانداز سے وسائل میں اضافے کیلئے کام کیاجائے اور معاملات کو بہتر انداز سے آگے بڑھانے کیلئے آؤٹ آف دی باکس حل سامنے لائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ حقیقت پسندانہ ترقیاتی پروگرام میں صوبے کے عوام کی ضروریات کو ترجیح دی جائے گی جبکہ جنوبی پنجاب کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ کو آئندہ مالی سال 2019-20ء کے بجٹ اورسالانہ ترقیاتی پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔صوبے کے وسائل میں اضافے کیلئے تجاویزاورسفارشات سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سردار عثمان بزدار نے کہاکہ قومی تعمیر نو کیلئے صوبے کے مالی وسائل میں اضافہ ناگزیر ہے، ملک وقوم کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں جبکہ عوام کے مفادات کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ فلاح عامہ کے منصوبوں کے لئے مزید وسائل مہیا کئے جائیں گے اورقومی وسائل عوام پر ہی خرچ ہوں گے۔صوبے میں تاجروں اورصنعتکاروں کو سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔
عثمان بزدار/ اعلان