نادہند گان ایمنسٹی سے فائدہ اٹھالیں ورنہ 30جون کے بعد انہیں دیکھ لیں گے: چیئر مین ایف بی آر
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی) چیرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر )شبر زیدی نے کہا ہے کہ ملک میں 31لاکھ تجارتی صارفین میں سے سیلز ٹیکس دینے والوں کی تعداد محض 38ہزار ہے،حکومت نے ایمنسٹی اسکیم میں موقعہ دیاہے کہ جولوگ سیلز ٹیکس نہیں دے رہے وہ 30جون تک ٹیکس ادا کردیں، حکومت سیلز ٹیکس کے نیٹ میں اضافہ نہیں کرسکی، ڈیڑھ ماہ میں ہم دیکھنا چاہتے ہیں کہ کتنے لوگ سیلز ٹیکس دینگے؟ پھر جو ٹیکس نہیں دے گا اسے بھی دیکھ لینگے۔ بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)شبر زیدی نے کہا کہ ہمارے ملک میں ٹیکس فائلرز بہت کم ہیں۔ اس حوالے سے کچھ حقائق قوم کے سامنے لانا چاہتے ہیں۔شبر زیدی نے کہا کہ اس وقت ملک میں 31 لاکھ تجارتی صارفین ہیں۔ 3 لاکھ 41ہزار بجلی کے صنعتی کنیکشن دیے گئے ہیں اورلاکھوں گیس کے کنیکشن بھی دیئے ہوئے ہیں۔اس کے مقابلے میں سیلز ٹیکس کے حوالے سے رجسٹرڈ اداروں یا کمپنیوں کی تعداد صرف 38 ہزار ہے۔ اعدادو شمار کا فرق بہت ہے،اس لیے جس نے سیلز ٹیکس نہیں دیا وہ 2 فیصد ادا کرکے 30 جون تک کلیئر کرا سکتاہے۔چیرمین ایف بی آر نے کہا کہ جو لوگ فائلر نہیں ہیں انہیں کسی نہ کسی طریقے سے سٹریم لائن کرنا ہے اور سسٹم میں لانا ہے۔ہمیں کاروبار کے لئے ماحول سازگار کرنا ہے اور کاروباری لوگوں کو فائلر بناناہے۔ ہم ماحول کو بہتر کرینگے تو رضاکارانہ طور پر لوگ سامنے آئینگے۔چیرمین ایف بی آر نے کہا کہ وہ کاروباری لوگوں کو ہراساں کرنے کے تمام طریقے اور عمل ختم کر دینگے۔24گھنٹے میں مطلع کیے بغیر کسی کا بنک اکاونٹ منجمد نہیں کیا جائیگا۔ اکاونٹ منجمد کرنے سے متعلق قانون میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم ختم ہونے کے بعد قانون میں تبدیلی کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ماضی کی عدم ادائیگیوں کے لیے نان فائلرز سے صرف دو فیصد مانگ رہے ہیں،اس لیے جو لوگ اس اسکیم سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں وہ ٹیکس ریٹرن کے ساتھ دو فیصد ادا کرکے ٹیکس نیٹ کا حصہ بن سکتے ہیں۔دریں اثنا چینی سفیر یاؤچنگ نے چیئرمین ایف بی آر سید محمد شبر زیدی سے ایف بی آر ھیڈ کوارٹر زمیں ملاقات کی۔ چینی سفیر نے ایف بی آر کی طرف سے ٹیکس گزاروں کی سہولت اور خاص طور پران کی شکایات دور کرنے پر لئے کئے گئے اقدامات کو سراہا۔ چینی سفیر نے شبر زیدی کی بطور چئر مین ایف بی آر تعیناتی کو خوش آئند کہا اور امید ظاہر کی کہ ان کی کمان میں ایف بی آر اپنے تمام اہداف کو بخوبی پورا کر لے گا۔چینی سفیر نے مزید اس امید کا اظہار کیا کہ چینی ریونیو اتھارٹی اور ایف بی آر کے اشتراک سے دونوں ادارے ایک دوسرے کے کامیاب تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں بعد ازیاں ڈائریکٹر ورلڈ بینک پاکستان کی چئرمین ایف بی آر سے ملاقات ہوئی پاکستان کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک نے چیئرمین ایف بی آر سید محمد شبر زیدی سے ایف بی آر ھیڈ کوارٹر میں ملاقات کی۔ ورلڈ بینک کنٹری ڈائریکٹر پاکستان نے ایف بی آر کی طرف سے ٹیکس گزاروں کی سہولت اور خاص طور پران کی شکایات دور کرنے پر لئے گئے اقدامات کو سراہا۔ کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک پاکستان نے شبر زیدی کی بطور چئر مین ایف بی آر تعیناتی کو خوش آئند کہا اور امید ظاہر کی کہ ان کی کمان میں ایف بی آر اپنے تمام اہداف کو بخوبی پورا کر لے گا۔ورلڈ بینک پہلے سے ہی ایف بی آر کو ٹیکس اصلاحات اور کاروباری دوستانہ اقدامات کو اپنانے میں تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔
چیئرمین ایف بی آر