نااہل حکومت کی تباہ کن پالیسیوں پر جیالے خاموش نہیں رہ سکتے ،بلاول بھٹو
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے نااہل حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس بتا رہی ہیں صرف چار روز میں غیرملکی قرضوں میں ایک ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ روزپیپلزپارٹی اسلام آباد شہر کے عہدیدا ر و ں سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی کا مزید کہنا تھا تجاوزات کی آڑ میں غریبوں کے گھر گرائے گئے یہ بہت بڑا ظلم ہے، مزدوروں اور محنت کشوں سے روزگار چھین لیا گیا یہ بہت بڑی ناانصافی ہے۔ آج حالت یہ ہے مہنگائی کی سونامی نے لوگوں سے دال روٹی بھی چھین لی، غریبوں کا جینا مشکل بنا دیا ہے۔ کچی آبادیوں میں رہنے والوں کےلئے مشکلات کھڑی کی جا رہی ہیں۔ ایسے حالات میں پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکن کیسے خاموش رہ سکتے ہیں۔ یہ چاہے جتنا بھی ظلم کریں ہمیں ڈرا یا جھکا نہیں سکتے۔ پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے بڑے بڑے ڈکٹیٹروں کو شکست دی۔ یہ کٹھ پتلی کیا چیز ہے؟ بلاول بھٹو زرداری نے کہا شہید ذوالفقار علی بھٹو کا نواسہ اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا بیٹا میدان میں آچکا ہے،عوام کا مزید استحصال ہونے نہیں دے گا۔ پیپلزپارٹی ہر ظلم کی مزاحمت جبکہ اسپیشل پرسنز کی ہر شعبے میں مدد کرے گی۔ اسپیشل پرسنز بھی بے شمار صلاحیت رکھتے ہیں ان کو بھی حق ہے وہ آگے بڑھیں، ملک کی خدمت کریں، اپنی محنت سے مقام بنائیں اور ملک کا نام روشن کریں۔ اس موقع پر اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی آزاد امیدوار نائلہ جدیال نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیاجبکہ پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیر حسین بخاری بھی موجود تھے۔ وفد میں پیپلزپارٹی سٹی کے صدر افتخار شہزادہ، شاہ نواز خان، آغا محمد علی شاہ، علی سبزواری، ملک فرانسس، زاہد اقبال، رفعت علی، فرخ قریشی، طارق تیموری، حمید کیانی، قاضی مقصود، چوہدری رضوان، ندا نذیر، وسیم نذیر، عاصم اور ذوالقرنین شامل تھے۔
بلاول بھٹو