پولیس، شہری مل کر امن و امان کی بہتری کےلئے کردار ادا کریں،سی سی پی او
لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)سی سی پی او لاہور بی اے ناصر نے کہا ہے کہ پولیس اور شہری مل کر امن و امان کی بہتری کے لئے کردار ادا کریں۔ لاہور پولیس کے 311 جوانوں اور افسروں نے حالیہ برسوں میں شہادت کا مرتبہ حاصل کیا۔ چند عناصر کے اقدامات کی بنا پر پورے محکمے کا تاثر منفی نہیں ہونا چاہیئے۔ معروف اداکار عرفان کھوسٹ اور وائس چئیرپرسن وزیراعلیٰ شکایات سیل مہناز سعیدسے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ میڈیا اور سوشل میڈیا پر پولیس کی قربانیوں کا اچھے انداز میں ذکر ہونا چاہیئے۔ داتا دربار پر 8 مئی کو خودکش حملے کے بعد بھی لاہور پولیس کے مورال میں کوئی فرق نہیں پڑا اور تمام افسر اور جوان بھرپور جذبے کے ساتھ اپنے فرائض کی ادائیگی کر رہے ہیں۔ سی سی پی او لاہور بی اے ناصر نے لیجنڈ اداکار کے جذبے اور سوچ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ جیسی شخصیات کے تعاون سے آگاہی کی مہم میں تیزی آ سکتی ہے۔سی سی پی او لاہور بی اے ناصر نے اشتہاریوںکی گرفتاری میں اعلی کارکردگی پر لاہور پولیس کے افسروں اور جوانوں میں نقد انعامات تقسیم کئے۔ انعامات حاصل کرنے والوں میں انسپکٹر، ایس آئی، اے ایس آئی، کانسٹیبلز رینک کے 34 ملازمین شامل تھے اور انہیں مجموعی طور پر ساڑھے گیارہ لاکھ روپے کے انعامات دیے گئے۔
سزا سے زیادہ اصلاح کے عمل سے زیادہ بہتری آسکتی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ عوام میں پولیس کا ڈر نہیں بلکہ احترام ہو۔ لاہور پولیس کی کارکردگی میں بہتری کے لئے شفٹ سسٹم کے اچھے نتائج سامنے آئے ہیں۔ بین الاقوامی فورمز پر بھی اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ لاہور میں کرائم ریٹ میں کمی آئی ہے۔ کسی بھی معاشرے میں عوام اگر پولیس کا ساتھ نہ دیں تو جرائم پیشہ عناصر کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ منفی مہم چلانے سے مثبت نتائج نہیں نکل سکتے۔
وائس چئیرپرسن وزیراعلیٰ شکایات سیل مہناز سعید نے سی سی پی او لاہور سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی استعدادکار میں اضافہ کارکردگی میں اضافے کی ضمانت ہے۔ اس موقع پر سماجی شخصیت شاہد قادر بھی موجود تھے۔