13سو سے زائد فنکار اور تکنیک کار حکومتی مالی امداد سے محروم
لاہور(فلم رپورٹر)13سو سے زائد فنکار اور تکنیک کار رواں سال صوبائی حکومت کے زیر انتظام چلنے والے آرٹسٹ سپورٹ فنڈ سے ملنی والی مالی امداد سے محروم۔ اس سال گلوکارہ ترنم ناز،شوکت علی ،ماسٹر امین،ہیر سنگھار،الطاف حسین اور پرویز کلیم سمیت 26 لوگوں کو حکومت کی جانب سے چیک جاری کئے گئے ہیںجبکہ باقی فنکاروں کو ابھی تک صرف تسلی کے سوا کچھ نہیں ملا ہے۔گزشتہ برس سابق وزیر اعلیٰ میاں محمد شہباز شریف نے مالی سال 2017ءاور2018ءکے بجٹ میں فنکاروں اور تکنیک کاروں کی فلاح و بہبود کے لئے 8کروڑ روپے مختص کئے تھے جس میں سے جون 2018ءمیں 13سو فنکاروں کو 60ہزار روپے فی کس ادا کئے گئے تھے اب پورا سال گذرنے کے باوجودفنکاروں کی اکثریت مالی امداد کی منتظر ہے اور ان کو دور دور تک امداد ملنے کا کوئی امکان نہیں ہے یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل لاہور پریس کلب کے باہر چمٹے بجا کر احتجاج کیا تھا لیکن اس کے احتجاج کے باوجود کسی قسم کی کوئی شنوائی نہیں ہوئی ۔مالی امداد سے محروم فنکاروں نے وزیر اعظم عمران خان کو وہ وعدہ یاد کروایا ہے کہ اگر میں اقتدار میں آگیا تو خیبر پختون خواہ کے فنکاروں کی طرح پنجاب میں بھی فنکاروں کو 30ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا کروں گا ریڈیو پاکستان ،پی ٹی وی اور دوسرے اداروں میں فنکاروں اور موسیقاروں کو کوئی کام نہیں مل رہا جس کی وجہ سے ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں موجودہ حکومت نے فنکاروں کا معاشی قتل کرنے کے لئے پاکستان کے بھر کے متعدد ریڈیو سٹیشن بند کردیئے ہیں ان حالات میںفنکاروں کی حالت بد سے بدتر ہورہی ہے۔فنکاروں نے وزیر اعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس معاملہ پر نظر کرتے ہوئے وظائف اور مالی امداد کا سلسلہ بحال کریں تاکہ بے روزگار فنکار بھی اپنی زندگی کی گاڑی چلانے کے قابل ہوسکیں۔