پشاور کے پی فوڈ اتھارٹی کی کارروائی ،مضر صحت دودھ تلف

پشاور کے پی فوڈ اتھارٹی کی کارروائی ،مضر صحت دودھ تلف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور( سٹاف رپورٹر) کے پی فوڈ اتھارٹی نے عوامی شکایات پر کچی محلہ پیر گلاب شاہ میں کاروائی کے دوران پانچ سو لیٹر مضر صحت دودھ تلف جبکہ جھگڑا میں مصالحہ فیکٹری کو چائنہ سالٹ کے استعمال پر سیل کردیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل کے پی فوڈ اتھارٹی ریاض خان محسود نے یہاں سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ خشک دودھ کی قلفی اور دیگر بیکرز آئٹمز میں استعمال قابل تشویش ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ چائنہ سالٹ کے استعمال پر سپریم کورٹ آف پاکستان نے پابندی عائد کی ہے اور اشیائے خوردونوش میں اس کا استعمال قابل سزا جرم ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر آپریشنز خالد خٹک کی سربراہی میں فوڈ اتھارٹی نائٹ سکواڈ نے عوامی شکایات پر کچی محلہ پیر گلاب شاہ میں واقع دودھ ڈیلر پر چھاپہ مارا جہاں فریش دودھ میں خشک دودھ ملاکر فالودہ و دیسی قلفیاں بنانے والی دکانوں کو سپلائی کیا جاتا تھا۔ کاروائی کے دوران پانچ سو لیٹر مضر صحت فریش دودھ جبکہ تیس کلو خشک دودھ تلف کردیا گیا جبکہ تین ملزمان کو متعلقہ پولیس کے حوالے کرکے دکان کو پندرہ دن کیلئے سیل بھی کردیا گیا۔ دوسری جانب اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسد علی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جھگڑہ میں واقع مصالحہ فیکٹری پر چھاپہ مارا جہاں مصالحہ فیکٹر ی سے چار بوری چائنہ سالٹ جبکہ نوے بوری چائنہ سالٹ ملا مصالحہ برآمد کرلیا گیا۔ مضر صحت مصالحہ اور چائنہ سالٹ کو قبضہ میں لیکر فیکٹری کو سیل کردیا گیا۔اسی طرح اسسٹنٹ ڈائریکٹر مراد علی نے ٹیم کے ہمراہ اچینی میں واقع جعلی مشروبات کے یونٹ کو بھی سیل کرکے سینکڑوں لیٹر مضر صحت مشروبات تلف کردیں۔ جبکہ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے صبح سویرے دودھ اور گوشت کی بھی چیکنگ بھی جاری ہے