منشیات کی لت میں مبتلا افراد کو کار آمد شہری بنانے کیلئے خصوصی مہم کا آغاز
پشاور(کرائمز رپورٹر)کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے منشیات کی لت میں مبتلا افراد کو معاشرے کے کارآمد شہری بنانے کی خاطر خصوصی مہم جاری شروع کی ہے جس کے دوران ابتدائی مرحلے میں 330 افراد کو مختلف ہسپتالوں اور منشیات بحالی مراکز میں داخل کرایا گیا، جس کے بعد مزید 50 افراد کو منشیات بحالی مراکز میں داخل کیا گیا تھا، اسی طرح پشاور پولیس نے اس تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے گزشتہ روز 61مزید منشیات کے عادی افراد کو پولیس حراست میں لے کر منشیات بحالی مراکز میں داخل کرایا ہے،جبکہ خصوصی کارروائیوں کے دوران پولیس تحویل میں لئے جانے والے بقیہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی ہے تفصیلات کے مطابق کپیٹل سٹی پولیس پشاور نے جہاں ایک طرف منشیات فروشوں کے خلاف خصوصی کریک ڈاون شروع کیا ہے وہیں منشیات کی لت میں مبتلا افراد کومعاشرے کے کار آمد شہری بنانے کی خاطر بھی ضلع انتظامیہ اور محکمہ صحت کے توسط سے خصوصی اقدامات اٹھائے ہیں،جس کے دوران شہر کے مختلف شاہراہوں اور سڑک کنارے منشیات استعمال کرنے والے افراد کو پولیس تحویل میں لے کر ان کو منشیات بحالی مراکز اور شہر کے بڑے ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے اسی طرح گزشتہ روز پشاور پولیس نے منشیات استعمال کرنے والے افراد کو ہسپتالوں اور منشیات بحالی مراکز میں داخل کرانے کا عمل جاری رکھتے ہوئے گزشتہ روز مزید 61 افراد کو پولیس تحویل میںلے کر مختلف ہسپتالوں اور منشیات بحالی مراکز میں داخل کیا ہے ،گزشتہ روز ہونے والی کاروائیوں میں سٹی ،کینٹ ، ٹاون اور حیات آبادکے علاقہ میں موجود منشیات کے عادی افراد کو خصوصی طور پر ٹارگٹ کیا گیا ہے تاکہ ان کو بہترین علاج معالجہ فراہم کرکے معاشرے کے کار آمد شہری بنایا جا سکے