سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر فاروق جمیل کے زیر صدارت اجلاس کا انعقاد
پشاور( سٹاف رپورٹر)صوبہ بھر کے ڈی ایچ اوز کی کارکردگی اور عوام کو بہتر صحت کی سہولیات مہیا کرنے کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس محکمہ صحت خیبر پختونخوا میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر فاروق جمیل نے کی۔ اجلاس میں صوبے بھر کے ڈی ایچ اوز کے ساتھ ساتھ ڈائریکٹر آئی ایچ پی ڈاکٹرصاحب گل ، چیف ایچ ایس آر یو ڈاکٹر شاہد یونس ڈائریکٹر ای پی آئی پروگرام ڈاکٹر اکرام اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور یونیسیف کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے کے عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے سیکرٹری ہیلتھ نے تمام ڈی ایچ اوز کو ہدایات جاری کیں کہ عوام کو بہتر صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بناےا جائے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا صوبے کو پیش آنے والے صحت کے مختلف مسائل بشمول زچہ بچہ کی صحت, پولیو, ڈینگی، لشمینیا اور ایچ آئی وی جیسی موذی بیماریوں پر خاص توجہ دی جائے اور اس سلسلے مےں عوامی آگاہی مہم بھی فعال طور پر چلائی جائے۔ اسی حوالے سے تمام ڈی ایچ او صاحبان کو اپنے اپنے علاقے کی جغرافی سطح کے مطابق ایک جامعہ حکمت عملی تیار کرنے کے لئے بھی کہا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ آنے والے گرم موسم میں ڈینگی سے بچاو¿ کے لیے خاص احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں تاکہ صوبے کے عوام کو اس موذی مرض سے چھٹکارا دلایا جا سکے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی روشنی ڈالی گئی کہ عوامی آگاہی سے ان موزی بیماریوں سے چھٹکارا پایا جاسکتا ہے۔ اجلاس میں زچہ بچہ کی صحت کے حوالے سے بھی خصوصی ہدایات جاری کی گئیں کہ زچہ بچہ کی صحت کو یقینی بنانے کے لیے صوبے کے بڑے ہسپتالوں میں چوبیس گھنٹے سروس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر فاروق جمیل نے یہ بھی احکامات جاری کیے کہ تمام ڈی ایچ اوز کی اے سی آر مکمل ان کی کارکردگی پر منحصر ہوگی اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔