1500 ٹن میری ٹائم پیٹرول و یسل کی لانچنگ کی تقریب
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے لیے تعمیر کی گئی جدید ۱۵۰۰ ٹن میری ٹائم پیٹرول ویسل کی لانچنگ کی تقریب کراچی شپ ےارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں منعقد ہوئی۔ وائس چیف آف دی نیول اسٹاف، وائس ایڈمرل کلیم شوکت اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے۔یہ میری ٹائم ویسل ایک کثیر المقاصد جہاز ہے جو کہ سٹیل ہل اور المونیم سپر اسٹرکچر کا حامل ہے اوریہ جہاز 95 میٹر طویل اور 12.2 میٹر عرض کا حامل ہے جبکہ یہ 26 ناٹ کی رفتار حاصل کر سکتا ہے۔ یہ جہاز چائنہ شپ بلڈنگ اینڈ ٹریڈنگ کارپوریشن ) سی ایس ٹی سی( اور ہوانگ پو شپ یارڈ (چائنہ) کے تکنیکی تعاون سے تعمیر کیا گیا ہے۔ یہ جہاز پاکستان کی بحری تجارتی حدود میں بحری سیکیورٹی کے نفاد اور سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز کے لیے تمام تر سازوسامان سے لیس ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس، سی ایس ٹی (چائنہ) اور ہوانگ پو شپ یارڈ (چائنہ) کو قبل از وقت اس اہم سنگِ میل کی تکمیل پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ یہ پراجیکٹ پاک چین دوستی کی ایک لازوا ل ا ور درخشاں مثال ہے۔ انھوں نے کہا کہ سی پیک اور پاکستان کی بحری تجارتی حدود کے پھیلاﺅ کے بعد پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور پاک بحریہ کی ذمّہ داریاں بہت بڑھ گئی ہیں۔قبل از یں مینیجنگ ڈائریکٹر کراچی شپ یارڈ رئیر ایڈمرل اطہر سلیم نے اپنے استقبالیہ خطبہ میں کہا کہ نو تعمیر شدہ میری ٹائم پیٹرول ویسل پاکستان کی بحری حدود کے دفاع کے لیے میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور پاک بحریہ کی استعداد بڑھانے میں یہ مددگار ثابت ہوگا۔انھوں نے شپ یارڈ میں جاری منصوبوں بشمول پاک بحریہ کے لیے چار ہنگور کلاس آبدوزوں اور دو عدد ملجم کلاس کارویٹس کی تعمیر کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ ان کے لیے تیاریاں جاری ہیں تاکہ کام کے بروقت آغاز کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی شپ یارڈ خود انحصاری اور معیشت کی ترقی جیسے قومی اہداف کے حصول کے لیے کوشاں ہے اور پچھلے پانچ سالوں میں 15 مختلف جہاز تیار کر چکا ہے۔تقریب میں حکومتِ پاکستان، پاک بحریہ ، چائنہ شپ بلڈنگ اینڈ ٹریڈنگ کمپنی، ہوانگ پو شپ یارڈ اور کراچی شپ یارڈ کے اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی۔