500 بستروں کا سیدو ہسپتال تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ،فضل حکیم خان
پشاور( سٹاف رپورٹر) چیئرمین ڈیڈیک فضل حکیم خان نے کہا ہے کہ سیدو گروپ ہسپتال میں تمام جدید سہولیات سے آراستہ نئے ہسپتال کا اضافہ زبردست عوامی سہولت کا باعث بنے گا جس کی بروقت اور معیاری تکمیل ضروری ہے وہ نئے زیر تعمیر سیدوشریف ہسپتال کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ہسپتال کے چیف ایگزیکٹیو پروفیسر ڈاکٹر اسرارالحق، ایس ای سی این ڈبلیو جمیل خان، ایکسےئن سی این ڈبلیوشہاب خان ،صوبائی ممبر عشروزکواة کونسل خیبرپختونخوا انجینئر عمر فاروق، سی این ڈبلیو انجینئرز اور متعلقہ انچارج ڈاکٹرز نے شرکت کی فضل حکیم خان نے چیف ایگزیکٹیو پروفیسر ڈاکٹر اسرارالحق کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ 500 بستروں پر مشتمل زیر تعمیر سیدوشریف ہسپتال کو ہر قیمت پر جون تک کھول دیا جائے اور اس سلسلے میں جو بنیادی مسائل ہیں ان کو جلد از جلد حل کرنے کی کوشش کی جائے مریضو ں کی سہولت کےلئے انتظار گاہ کی تعمیر جلد عمل میں لائی جائے جس میں 10 میل اور 10 فی میل باتھ روم کی تعمیر یقینی ہو جبکہ مریضوں کو آرام دہ اور پرسکون ماحول فراہم کرنے کیلئے گرین پارک و بیلٹ کی تعمیربھی یقینی بنائی جائے انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے بھی اس بارے میں ذاتی دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ زیر تعمیر سیدو شریف ہسپتال کو جلد از جلد عوام کیلئے کھول دیا جائے جبکہ ایک نیا پی سی ون فیز 2 بھی 700 بیڈ پر مشتمل تیار کیا جائے تاکہ آئندہ ضروریات کی تکمیل ہو اس کواے ڈی پی میں بھی شامل کیاگیا ہے فضل حکیم خان کو بتایا گیا کہ ہسپتال کے اندر 580 ایئر کنڈیشنرزکی تنصیب کا کام بھی مکمل ہوچکا ہے اور بجلی وگیس سپلائی بھی یقینی بنا دی گئی ہے جس کے بعد ہسپتال ہر لحاظ سے تمام جدید طبی سہولیات سے آراستہ بن جائے گا اور اس میں علاج کی تمام لوازمات بھی پوری ہوجائیںگی