ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی،سماعت 19جون تک ملتوی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے کراچی میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت 19جون تک ملتوی کردی ہے۔بدھ کو سندھ ہائی کورٹ میں کراچی میں ہیوی ٹریفک کی مکمل پابندی سے متعلق سماعت ہوئی جہاں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کی عدم پیشی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا وکیل کا کہنا تھا کہ سینیئر ممبر کل تعینات ہوگئے ہیں ابھی چارج نہیں لیا اسلیے پیش نہ ہوسکے، عدالت کا کہنا تھا کہ کمشنر آتا ہے، میئر آتا ہے کیا سینئر ممبر کو آنے میں تکلیف ہے؟ کیا چارج لینے کی رسم ادا ہوتی ہے؟؟ عدالت نے مختلف محکموں کے بیانات میں تضاد پر تشویش کا اظہار کیا،عدالت کا کہنا تھا کہ کبھی پچاس ایکڑ اور کبھی پانچ سو ایکڑ زمین ہے اور کبھی ڈیڑھ سو ایکڑ زمین کی موجودگی کا کہا جاتا ہے،عدالت نے بیرون شہر بس ٹرمینلز کی زمینوں کی مکمل تفصیلات طلب کرلیں،عدالت کا کہنا تھا کہ بتایا جائے ناردرن بائی پاس، ضلع غربی اور نیشنل ہائی وے پر کتنی زمینیں مختص کی گئی ہیں؟عدالت نے سماعت 19 جون تک ملتوی کردی۔سیکریٹری ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ نئی ایک ہزار بسوں کیلئے ڈایؤ کمپنی الگ ٹرمینل بنائے گا،اندرون ملک بسوں کے ٹرمینل کیلئے اشتہارات شائع کردیئے ہیں،کمشنر کراچی کے نمائندے کا عدالت میں کہنا تھا کہ ناردرن بائی پاس پر سو ایکڑ زمین کے ایم سی کے حوالے کردی گئی ہے،کے ایم سی کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ڈویلپمنٹ کیلئے وسائل نہیں ہیں سارے وسائل سندھ حکومت نے لے لئے ہیں۔