پاکستان اور بھارت کے درمیان برف پگھلنے لگی ، بڑی خوشخبری آ گئی

پاکستان اور بھارت کے درمیان برف پگھلنے لگی ، بڑی خوشخبری آ گئی
پاکستان اور بھارت کے درمیان برف پگھلنے لگی ، بڑی خوشخبری آ گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گزشتہ روز کرغستان میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کی جہاں بھارتی وزیر خارجہ سشماسوراج بھی شریک تھیں ۔
تفصیلات کے مطابق دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ اور پاکستانی وزیر خارجہ کی نشست بھی ایک دوسرے کے ساتھ تھی جبکہ وہ جب کرغستان کے صدر کا استقبال کرنے کیلئے کھڑے ہوئے تو سشما سوراج اس موقع پر بھی شاہ محمود کے ساتھ ہی کھڑی ہوئیں ۔ اجلاس کے بعد بھارتی وزیرخارجہ اور پاکستانی وزیر خارجہ کے درمیان ایک رسمی ملاقات ہوئی جس کی تصویر بھی جاری کی گئی ۔
بھارت میں آج الیکشن کے نتائج بھی آچکے ہیں جس کے مطابق بی جے پی اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے اور مودی ایک مرتبہ پھر سے حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ گئے ہیں تاہم گزشتہ روز کی ملاقات میں ہونے والی گفتگو کا احوال شاہ محمود قریشی نے میڈیا کو بیان کیا جس کے مطابق ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالات معمول پر آنا شروع ہو گئے ہیں اور کشیدگی ختم ہونے کی طرف چل پڑی ہے ۔
شاہ محمود قریشی نے سشما سوراج کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں کی گئی بات چیت میڈیا کو بتاتے ہوئے کہا کہ سشما سوراج نے مجھے کہا کہ میں مٹھائی لائی ہوں تاکہ آپ کا لحجہ میٹھا ہو جائے جس پر میں نے کہا کہ ہم تو پہلے ہی مذاکرات کی بات کر رہے ہیں ، میں نے بھارتی وزیر خارجہ سے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ تمام امور مذاکرات سے ہی حل کیے جائیں ۔
شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ سشما سوراج کو گلہ تھا کہ ہم کبھی کبھار بہت کڑوا بولتے ہیں ، بھارتی وزیر خارجہ نے مجھے کہا کہ مٹھائی لائی ہوں کہ ہم میٹھا بولیں ۔ پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ سشما سوراج کی بات پر میں نے جواب دیا کہ ہم کڑوی باتیں نہیں کرتے بلکہ آپ کی حرکتیں ہی ایسی ہیں ۔شاہ محمود نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ کو بتایا ہے کہ ہم آج بھی مذاکرات کیلئے تیار ہیں ، وزیراعظم عمران خان نے اپنی پہلی تقریر میں کہا تھا کہ بھارت ایک قدم بڑھائے تو ہم دو قدم بڑھائیں گے ۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان معاملات اس وقت کشیدگی اختیار کر گئے جب بھارتی فضائیہ کے طیاروں نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی اور بالا کوٹ کے مقام پر پے لوڈ گرا کر فرار ہو گئے جبکہ اس کے بعد اگلے روز پاکستان نے اپنی حدود میں رہتے ہوئے بھر پور جواب دیا تاہم بھارتی فضائیہ نے ایک مرتبہ پھر وہی حرکت دہرانے کی کوشش کی اور اس مرتبہ پاکستان کی جانب سے سخت سزا دی گئی اور بھارت کے دو طیاروں کو زمین بوس کر دیا گیا جبکہ ایک پائلٹ کو بھی گرفتار کر لیا گیا جسے بعد ازاں امن کے قیام کیلئے عمران خان نے بھارت کے حوالے کرنے کا اعلان کیا ۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -