”انگلینڈ کا موسم بہتر ہونے سے کنڈیشنز سازگار ہوں گی اور پھر ہمیں اس چیز کا بہت فائدہ ہو گا “ مکی آرتھر نے مخالف ٹیموں کے کان کھڑے کر دئیے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر ریورس سوئنگ کی مدد سے حریف ٹیموں پر قابو پانے کیلئے پرامید ہیں جن کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کا موسم بہتر ہونے سے کنڈیشنز سازگار ہوجائیں گی اور ہماری باﺅلنگ میںاب تجربہ بھی آ گیا ہے جبکہ بلے باز بڑے ہدف کا تعاقب کرنے کی اہلیت پہلے ہی ثابت کر چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق برسٹل میں قومی کرکٹ ٹیم کی پریکٹس کے بعد بات چیت کرتے ہوئے مکی آرتھر نے کہاکہ انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز میں باﺅلنگ اور فیلڈنگ میں چند مسائل ضرور سامنے آئے لیکن کئی مثبت پہلو بھی تھے۔ جیسا کہ پاکستانی بیٹنگ سے کبھی 300رنز کی بھی توقع نہیں ہوسکتی تھی لیکن گزشتہ سیریز میں 3بار 350کے قریب رنز بنے اور سٹرائیک ریٹ میں بھی نمایاں بہتری آئی۔
ان کا کہنا تھا کہ بیٹسمین بڑے اہداف کا تعاقب کرنے کیلئے پراعتماد ہیں، کھلاڑی اپنی خامیوںکو دور کرنے اور ورلڈکپ میں بہترین کارکرکردگی دکھانے کیلئے تیار ہیں، قومی کرکٹرز نے پریکٹس کے موقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا،بیماری سے نجات پاکر کم بیک کرنے والے محمد عامر نے فیلڈنگ سیشن کے بعد نصف گھنٹے تک پوری قوت کے ساتھ باﺅلنگ کی اور وہ مکمل ردھم میں نظر آ رہے ہیں۔
ہیپاٹائٹس کے علاج کے بعد واپس آنے والے شاداب خان کے بھی دوران ٹریننگ کوئی مسائل سامنے نہیں آئے اور دونوں کھلاڑیوں کی واپسی اور فٹنس ٹیم کیلئے بڑی خوش آئند ہے۔ انگلینڈ کا موسم بہتر ہورہا ہے اور اب ریورس سوئنگ کا کردار اہم ہوگا،خاص طور اننگز کے آخر میں پاکستانی باﺅلرز کو مدد ملے گی کیونکہ ہماری باﺅلنگ لائن میں تجربہ بھی آ گیا ہے اور اب ہم ایک بہتر کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
انہوں نے قومی کھلاڑیں کی فیلڈنگ سے متعلق بھی گفتگو کی اور کہا کہ فیلڈنگ میں مسائل پر قابو پانے کیلئے سخت محنت کررہے ہیں اور کھلاڑی اپنی طے شدہ پوزیشنز کیلئے موزوں پریکٹس کرتے ہوئے بہترکارکردگی دکھانے کیلئے تیار ہیں، ہر فیلڈنگ پوزیشن کا بیک اپ پلان بھی تیار کررہے ہیں، کھلاڑی حریف ٹیموں کو ٹکر دینے کیلئے پر عزم ہیں،ہم اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کریں گے۔