الیکشن میں تاریخی فتح کے بعد مودی کا پہلا بیان

ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارت میں عام انتخابات 2019 کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے تاہم اب تک موصول ہونے والے نتائج کے مطابق بھارتی حکمران جماعت بی جے پی تاریخ ساز فتح سمیٹتے ہوئے دکھائی دیتی ہے جبکہ کانگرنس کو شدید ناکامی کا سامنا ہے تاہم مودی نے اپنی کامیابی کی خبروں کو دیکھتے ہوئے ٹویٹر پر پیغام جاری کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ” ایک ساتھ ہم ترقی کریں گے ،ایک ساتھ پھلیں پھولیں گے ،ایک ساتھ مل کر ہم مضبوط بھارت بنائیں گے ،ایک مرتبہ پھر بھارت جیت گیا ۔“ اپنے پیغام کے ساتھ بھارتی وزیراعظم نے ایک نیا نعرہ بھی لگایا کہ ’’ ویجائی بھارت‘‘ (کامیاب بھارت)۔ اب تک موصول ہونے والے نتائج کے مطابق بھارتی جنتہ پارٹی اتحادیوں کے بغیر 294 سیٹوں پر آگے ہے جبکہ کانگرس نے اتحادیوں کے بغیر 54 سیٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے تاہم یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ بی جے پی نے گزشتہ الیکشن کی نسبت اس مرتبہ دو گنا زیادہ سیٹیں حاصل کر لی ہیں ۔
بی جے پی اس وقت اتحادی جماعتوں کے ساتھ مجموعی طور پر 346 سیٹوں کے ساتھ آگے چل رہی ہے جبکہ کانگرنس نے 98 حاصل کی ہیں ، اس کے علاوہ مودی کی جماعت نے دہلی سے عام آدمی پارٹی کا دھڑن تختہ کر دیاہے اور تقریبا کلین سویپ جاری ہے ۔ مودی کو بھارت میں حکومت بنانے کیلئے 272 سیٹیں درکار ہیں تاہم اس سے زائد سیٹیں تو ان کی اپنی ہی جماعت حاصل کر چکی ہے ۔بھارتی عام انتخابات کے حتمی اور سرکاری نتائج کا اعلان بھارتی الیکشن کمیشن کی جانب سے آج رات یا کل صبح متوقع ہے ۔