کانگریس کے الیکشن ہارنے کے ساتھ راہول گاندھی کو اپنی نشست پر بھی شکست ، انہیں کس اداکارہ نے ہرایا؟

نئی دلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) انڈین نیشنل کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے لوک سبھا انتخابات میں اپنی شکست تسلیم کرلی۔
انتخابات میں شکست کے بعد راہول گاندھی نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ مودی کو منتخب کرنے پر بھارتی عوام کی رائے کا احترام کرتے ہیں، آج اپوزیشن کرنے کا نہیں، مودی کو مبارک باد دینے کا وقت ہے ، رہنما اورکارکن ہمت مت چھوڑیں کیونکہ نظریاتی جنگ جاری رہے گی ۔راہول گاندھی نے خود کی شکست کے حوالے سے کہا کہ امیٹھی کے عوام نے جو فیصلہ دیا ہے اس کااحترام کرتاہوں۔
خیال رہے کہ بھارت کے لوک سبھا انتخابات میں حکمران جماعت بی جے پی کے اتحاد نے واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ کانگریس کی قیادت میں بننے والے اپوزیشن کے اتحاد کو بد ترین شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے امیٹھی (اتر پردیش) سے الیکشن میں حصہ لیا تھا تاہم انہیں سابق اداکارہ اور یونین منسٹر سمرتی ایرانی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ لوک سبھا کی اس نشست پر سمرتی ایرانی نے 49 فیصد (ایک لاکھ 4 ہزار 498) ووٹ حاصل کیے اور کامیاب قرار پائیں جبکہ راہول گاندھی صرف 44 اعشاریہ 4 فیصد (94 ہزار 732) ووٹ حاصل کرپائے۔