کیا شاہ محمود قریشی کے ساتھ صلح ہوسکتی ہے؟ جہانگیر ترین نے کھل کر بتادیا

کیا شاہ محمود قریشی کے ساتھ صلح ہوسکتی ہے؟ جہانگیر ترین نے کھل کر بتادیا
کیا شاہ محمود قریشی کے ساتھ صلح ہوسکتی ہے؟ جہانگیر ترین نے کھل کر بتادیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ ان کی شاہ محمو د قریشی کے ساتھ جلد صلح ہوجائے گی۔
جہانگیر ترین نے نجی ٹی وی دنیا نیوز کے پروگرام میں شرکت کی جہاں اینکر پرسن کامران خان نے ان سے شاہ محمود قریشی کے ساتھ چلنے والے تنازعے کے حوالے سے سوال پوچھا۔ ’ آپ کابینہ اجلاس میں شریک ہوئے تو شاہ محمود قریشی کی جانب سے نام لیے بغیر اعتراض اٹھایا گیا ‘۔
اس سوال کے جواب میں جہانگیر ترین نے کہا کہ انہیں زراعت کے حوالے سے بریفنگ کیلئے وزیر اعظم نے بلایا تھا اور وزیر اعظم نے اس اعتراض کا واضح جواب دے دیا تھا، انہوں نے کھل کر کہا تھا کہ یہ ان کی صوابدید ہے کہ وہ جس کو چاہیں بلائیں اور جسے چاہیں کوئی ٹاسک دیں۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ یہ بالکل صحیح ہے کہ پارٹی میں تقسیم نہیں ہونی چاہیے کچھ لوگ اس حوالے سے کوشش بھی کرتے رہتے ہیں۔ ’ میں ہمیشہ تیار رہتا ہوں، عنقریب یہ مسئلہ ہمیشہ کیلئے حل ہوجائے گا‘۔
نااہل ہونے کے باوجود حکومتی امور کی سرانجام دہی میں قانونی قباحت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر جہانگیر ترین نے کہا کہ انہیں عمران خان کی جانب سے جہاں بھی کوئی ٹاسک دیا جاتا ہے وہ پیچھے رہ کر جہاں تک ہوسکتا ہے ٹیم کی مدد کرتے ہیں ۔’ قانونی طور پر میرے کام کرنے میں کوئی قانونی قباحت نہیں ہے، پارٹی کا سیاسی کارکن ہوں اور کام کرسکتا ہوں، میں کسی کمیٹی کا ممبر بھی بن سکتا ہوں ، البتہ کوئی عہدہ نہیں رکھ سکتا‘۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ اس وقت ملک میں پریشان کن صورتحال ہے لیکن ہم اسے سنبھال لیں گے ، اب ہم صحیح سمت پر چل پڑے ہیں ، ہمارے پاس جو سیاسی نظریہ ہے وہ کسی کے پاس بھی نہیں ہے۔اس میں شک نہیں کہ غیر یقینی معاشی حالات سے تحریک انصاف حکومت مشکلات کا شکار رہی لیکن وزیراعظم عمران خان نے اب جس تجربہ کار اور مستند معاشی ٹیم کا انتخاب کیا ہے انشاء اللہ وہ ضرور ملک کو مشکل حالات سے نکالنے میں کامیاب ہوجائے گی۔