بنارسی ٹھگوں کو عمران خان کی ایمانداری ہضم نہیں ہورہی،حلیم عادل شیخ
کراچی (این این آئی)تحریک انصاف کے مرکزی رہنما وپارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہاہے کہ وفاقی حکومت کیخلاف اپوز یشن اس وقت ایک سنگل آئٹم ایجنڈے پر کام کررہی ہے اور وہ یہ ہے کہ کسی نہ کسی طریقے سے عمران خان کی حکومت کو گرادیا جائے،بغضِ عمران نے اپوزیشن جماعتوں کو نفسیاتی بنارکھا ہے، ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ وزیراعظم کی جانب سے کیے گئے اچھے کاموں کی تعریف کی جاتی مگر کچھ لوگ بغض عمران میں اس قدر آگے نکل چکے ہیں کہ ان کی واپسی بھی اب مشکل ہی دکھائی دیتی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے عادل ہاؤس سے جاری کردہ بیان میں کیا،انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کواس شوگر رپورٹ میں شوگرانڈسٹریزکے مالکان کی چیرہ دستیا ں نظر نہیں آتیں اور نہ ہی ماضی میں جو مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے شوگرمافیاکو سبسڈی دی وہ دکھائی دیتی ہیں،ان کی نظریں صرف اس با ت پر اٹکی ہوئی ہیں 2019میں پنجاب حکومت نے سبسڈی اور وفاقی حکومت نے چینی کو ایکسپورٹ کرنے کی اجازت کیوں دی۔انہوں نے کہاکہ یہ سب کام مسلم لیگ)ن(اور پیپلزپارٹی کی پارسا حکومتوں کے دور حکومت میں بھی ہوئے لیکن ان کے دور میں جو کچھ ہوا وہ سب ٹھیک تھااور جو ہم کررہے ہیں وہ سب غلط ہے،وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سے استعفیٰ مانگنے والے پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکیں، قومی خزانے پر بڑے ڈاکے مسلم لیگ(ن) اور پیپلزپارٹی کے دور میں پڑے۔ملک کی عوام اب کسی بھی حال میں سیاسی لٹیرو ں کے دھوکے میں نہیں آئینگے۔
حلم عادل