چینی سکینڈل میں ملوث ہر شخص کو اپنے حصے کی سزا ملے گی، عبدالعلیم خان

چینی سکینڈل میں ملوث ہر شخص کو اپنے حصے کی سزا ملے گی، عبدالعلیم خان

  

لاہور(لیڈی رپورٹر)سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے قوم سے کیا ہوا ایک وعدہ پورا کر دیا ہے اور ایک ایسی مثال قائم کی ہے جس کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں۔ چینی کے تحقیقاتی کمیشن کی شائع ہونے والی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان عوام کی نظروں میں سرخرو ہوئے ہیں اور اُن کا یہ اقدام انتہائی لائق ستائش ہے۔ احتساب کے کٹہرے میں سب برابر ہیں۔کسی سے کسی قیمت پر کبھی بھی کوئی رعائیت نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ بد عنوانی اور غیر قانونی کاموں میں کوئی بھی ملوث ہو اُس کا کڑے سے کڑا احتساب ہوگا اور اس سکینڈل میں ملوث ہر شخص کو اپنے حصے کی سزا بھگتنا ہوگی۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ غلط کام کرنے والے کا تعلق کسی بھی پارٹی سے ہو اُسے اپنے کیے کا سامنا کرنا ہوگا۔عبدالعلیم خان نے اپوزیشن کے تبصرے کو بلا جواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ میاں صاحبان اور اُن کے ساتھیوں کو تعصب کے بغیر اس رپورٹ کا مطالعہ کرنا چاہیے اور پھر اپنی رائے دینی چاہیے۔سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف نے عام انتخابات میں بڑے پیمانے پر تبدیلی لانے اور ملک سے فرسودہ نظام ختم کرنے کا جو وعدہ کیا تھا اُس جانب سفر تیزی سے جاری ہے اور چینی سکینڈل کے خلاف اتنی جامع رپورٹ کا تشکیل پانا اور شائع ہونا اس سلسلے کی اہم کڑی ہے جسے پاکستان کی سیاسی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔

عبدالعلیم خان

مزید :

صفحہ آخر -