لاہور پولیس نے چاندرات اور عیدالفطر کا سکیورٹی پلان جاری کردیا

لاہور پولیس نے چاندرات اور عیدالفطر کا سکیورٹی پلان جاری کردیا

  

 لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے چاند رات اور عیدالفطرکے موقع پر امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے مفصل اور مربوط سکیورٹی پلان جاری کر دیا ہے۔تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز لاہوررائے بابر سعید نے کہا ہے کہ کورونا وبا کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر عید الفطر اور چاند رات پر 07 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکارڈیوٹی کے فرائض سر انجام دینگے۔انہوں نے بتایا کہ 06ایس پیز، 35ڈی ایس پیز، 83 انسپکٹرزاور05سو سے زائد اپر سب آرڈینیٹس مساجد، عید گاہ، امام بار گاہ، عبادت گاہوں، قبرستان اور دیگر اہم مقامات پر تعینات ہونگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کی 05 ہزار سے زائد مساجد کو حساسیت کے اعتبار سے تین کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیاہے۔ جس کے مطابق 113مساجد کو اے کیٹیگری، 2214 کو بی جبکہ 2677 مساجد کو سی کیٹیگری میں تقسیم کیا گیا ہے۔مساجد اور عبادت گاہوں کے علاوہ 190سے زائد کھلے مقامات پر بھی نماز عید ادا کی جائے گی جہاں عبادت گذاروں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔نمازیوں کو تین درجاتی حفاظتی حصار پر مبنی سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

چیکنگ کے لئے میٹل ڈیٹکٹرزاور واک تھرو گیٹس کا استعمال یقینی بنایا جائے۔مساجد اور عبادت گاہوں سمیت حساس مقامات پر مشکوک افراد پر نظر رکھنے کے لئے چھتوں پر سنائپرز بھی تعینات ہونگے۔ایس ایس پی آپریشن لاہور فیصل شہزاد کا سیکورٹی پلان کے حوالے سے کہنا تھا کہ نماز عید پر شہر بھر کی سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔ عیدالفطر کے موقع پر ڈولفن سکواڈ،پولیس رسپانس یونٹ، ایلیٹ فورس کی ٹیمیں اور تھانوں کی گاڑیاں مساجد، عبادت گاہوں اوراہم مقامات کے گرد مسلسل پٹرولنگ کریں گی۔حساس مقامات کے گردو نواح میں سرچ آپریشنز، سنیپ چیکنگ،جیو فینسنگ، بائیو میٹرک تصدیق سمیت تمام حفاظتی اقدامات باقاعدگی سے جاری ہیں۔ایس ایس پی آپریشن لاہور فیصل شہزاد نے ہدایات جاری کی کہ شہرکے داخلی وخارجی راستوں پر تمام گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور اشخاص کی چیکنگ یقینی بنائی جائے۔چاند رات اورعید الفطر پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور ہلڑبازی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ہوائی فائرنگ،ون ویلنگ میں ملوث ریکارڈ یافتہ افراد سے ضمانتی مچلکے بھی لئے جا رہے ہیں۔سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید کا کہنا تھا کہ نمازی حضرات چاند رات پرمارکیٹوں اور عید الفطرپر دوران عبادت ماسک، سینیٹائزر،سماجی فاصلے کی پابندی یقینی بنائیں،غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے پیش نظر سکیورٹی اور سیفٹی اقدامات یقینی بنانے کے لئے شہریوں کا تعاون نا گزیر ہے۔

مزید :

علاقائی -