شوگر کمیشن رپورٹ نظر کا دھوکہ، ایکسپورٹ کے فیصلے پر چینی کی قیمت بڑھی، مسلم لیگ (ن)

      شوگر کمیشن رپورٹ نظر کا دھوکہ، ایکسپورٹ کے فیصلے پر چینی کی قیمت بڑھی، ...

  

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن نے حکومت کی چینی کمیشن رپورٹ مسترد کر دی ہے، مسلم لیگ نون کے رہنماملک احمد خان نے کہا ہے حکومتی رپورٹ نظر کے دھوکے کے سوا کچھ نہیں، رپورٹ میں کیوں نہیں تعین کیا گیا کہ پنجاب میں چینی پر سبسڈی کیوں دی گئی؟ کیا وزیراعظم کو شوگر کمیشن کے سامنے پیش نہیں ہونا چاہیے تھا۔مسلم لیگ نون کے رہنما ملک احمد خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ رزاق داؤد، خسرو بختیار و دیگر کو کچھ نہیں کہا گیا، نواز شریف بحیثیت وزیراعظم پیش ہوسکتے ہیں تو عمران خان کیوں نہیں؟۔ ایکسپورٹ کے فیصلے پر چینی کی قیمت بڑھی، پنجاب میں سبسڈی کیوں دی گئی؟ چینی ایکسپورٹ کی اجازت دینے والا بری الذمہ ہے۔ خسرو بختیار نے جلد بازی میں چینی ایکسپورٹ کی اجازت دی، 1.1 ملین ٹن چینی ایکسپورٹ کی گئی، قلت تو پیدا ہونی تھی، جب عثمان بزدار کی ذمہ داری پوچھی گئی تو مراد علی شاہ پر سوال اٹھائے گئے۔ وزیراعظم نے چینی کی مصنوعی قلت، قیمتوں کا کوئی نوٹس نہیں لیا، صوبوں سے اجازت لیے بغیرچینی برآمد کرنے کی اجازت دے دی۔ ملک میں چینی کی مصنوعی قلت صاف نظر آ رہی تھی۔ اصل معاملہ چینی کی قلت پیدا کرنیوالوں کو بے نقاب کرنا تھا، دیکھنا چاہئے تھا ای سی سی کے فیصلوں میں کون کون شامل تھا، شریف شوگر ملز نے ایک کلو چینی بھی برآمد نہیں کی۔ نیب کابینہ کی ذمہ داری کو کیوں نہیں دیکھ سکتا۔ وزیراعظم کو کمیشن کے سامنے پیش ہونے کا کہا ہی نہیں گیا۔ چینی برآمد کی اجازت دے کر قلت پیدا کرنیوالے سے کوئی نہیں پوچھے گا؟۔ چینی کی قلت 2018 میں پیدا ہوئی۔ 2015 سے تحقیقات سکینڈل سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ملک احمد نے کہا کمیشن 2018 کی چینی قلت پر بنایا گیا تھا، کیا وزیراعظم مشترکہ ذمہ داری کے اصول سے آگاہ نہیں؟۔علاوہ ازیں ترجمان پاکستان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شریف خاندان کی کسی مل نے ایک دھیلے کی چینی برآمد نہیں کی، نواز شریف کی رمضان شگر مل بند پڑی ہے؟ اصل چینی چور کا رپورٹ سے نام غائب کرنے سے جرم ثابت ہوگیا۔ کمشن بنانا، رپورٹ شائع کرنا سب عمران خان کو بچانے کا ایک سرکس اور نوٹنکی ہے، چینی چوری کے فیصلوں کی منظوری عمران اور بزدار نے دی مگر کرپشن شریف خاندان کی ملوں نے کرلی؟۔ اصل چینی چور عمران خان کا رپورٹ سے نام غائب کرنے سے جرم ثابت ہو گیا، اگر نواز شریف بطور وزیراعظم قانون کے سامنے پیش ہو سکتے ہیں تو چینی چور عمران خان کیوں نہیں؟۔ شہباز شریف جھوٹے مقدمات میں نیب کے عقوبت خانے میں رہ سکتے ہیں تو عمران اور بزدارکو جرم ثابت ہونے پہ گرفتار کیوں نہیں کیا گیا؟۔ خسرو بختیار کے بھائی سے پوچھ گچھ نہیں ہوئی کیونکہ اْن کے پاس کوئی سیاسی عہدہ نہیں تو عمران خان بتائیں کہ مریم نواز، حسن، حسین، سلمان شہباز اور یوسف عباس کے پاس کون سا سیاسی عہدہ تھا؟ شریف خاندان پہ جھوٹے مقدمات کیوں بنائے؟ روزانہ بنیاد پر ان کا میڈیا ٹرائیل کیوں کیا گیا؟۔

مسلم لیگ ن

مزید :

صفحہ آخر -