پنجاب پولیس کورونا وبا سے جانفشانی کیساتھ لڑ رہی، آئی جی شعیب دستگیر

پنجاب پولیس کورونا وبا سے جانفشانی کیساتھ لڑ رہی، آئی جی شعیب دستگیر

  

لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہا ہے کہ کورونا کرائسس کے دوران پولیس فورس نے شہریوں کی خدمت اور تحفظ کیلئے فرض شناسی اور اعلی ظرفی کے ساتھ اپنی خدمات سر انجام دی ہیں اس سے نہ صرف بحیثیت سربراہ پنجاب پولیس میرا سر فخر سے بلند ہوگیا ہے بلکہ پولیس کاحقیقی مثبت تشخص سب کے سامنے پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کورونا لاک ڈاؤن ڈیوٹی، قرنطینہ سنٹرزاور احساس کفالت سنٹرز پر تندہی سے خدمات سر انجام دیں اورفرائض کی ادائیگی کے دوران 2 شہادتوں کے ساتھ 500کے لگ بھگ افسرو اہلکار کورونا کے شکا رہوئے ہیں جن میں سے 100کے قریب افسر و اہلکار صحت یاب ہوکر دوبارہ اپنی ڈیوٹیوں پر واپس آچکے ہیں جو پولیس فورس کی ثابت قدمی اوربے مثال جذبوں کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پولیس فورس کی بے مثال خدمات اور قربانیوں کوبذات خودمیں وزیر اعظم پاکستان اور وزیراعلی پنجاب کے سامنے اجاگر کررہاہوں اور فورس کے حوصلے کو مزید بلند کرنے کیلئے وفاقی اورصوبائی حکومتوں سے اقدامات کرنے کی درخواست کی ہے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ پولیس فورس اسی جذبے کے ساتھ چاند رات اور عید الفطر پر بھی ہائی الرٹ ہو کر فرائض سرانجام دے اور عوام کی جان ومال کی حفاظت کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں۔انہوں نے کہااحساس کفالت سنٹرز پر معذور، بزرگ اور مستحق شہریوں کو امدادی رقوم کی ادائیگی کے دوران پولیس افسران و اہلکاروں نے جس جذبے کے ساتھ خدمات سر انجام دی ہیں وہ قابل ستائش ہے جبکہ کورونا کے شدید خطرات کے باوجود پولیس افسران واہلکار فرنٹ لائن پر ڈٹے ہوئے ہیں اور لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ رکھنے کیلئے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیرخدمات سر انجام دے رہے ہیں جس پر بحیثت سربراہ میں پوری فورس کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید الفطر کی مناسبت سے پولیس افسران واہلکاروں کے نام جاری اپنے پیغام میں کیا ہے۔ آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے اپنے پیغام میں پولیس فورس کے تمام افسران و اہلکاروں کو عید کی پیشگی مبارک باد بھی دی ہے۔

مزید :

علاقائی -