لینڈنگ گیئر جام ہو گیا، طیارے سے کئی پرندے بھی ٹکرائے

      لینڈنگ گیئر جام ہو گیا، طیارے سے کئی پرندے بھی ٹکرائے

  

کراچی (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائدکراچی میں پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے طیارے کو پیش آنیوالے حاد ثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی گئی۔ذرائع کے مطابق ایوی ایشن حکام کو طیارہ حادثے کی ابتدائی رپورٹ دیدی گئی جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ طیارہ لینڈنگ گیئر جام ہونے کے بعد پرندوں سے بھی ٹکرایا۔رپورٹ کے مطابق لینڈنگ گیئرخراب ہونے پرپائلٹ طیارے کو لینڈنگ کیلئے نیچے لایا، اس دوران بدقسمت طیارے سے ایک سے زیادہ پرندے ٹکرا گئے،اسی دوران طیارے کے دونوں انجن جزوی طور پر بند ہوگئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ کے مطابق انجنوں سے کم طاقت ملنے کے سبب جہاز کی بلندی انتہائی کم ہوتی گئی اور کچھ ہی دیر میں جہاز اپنی بلندی برقرار نہ رکھ سکا، اس موقع پر پائلٹ نے 'مے ڈے' کی کال بھی دیدی۔رپورٹ کے مطابق طیارہ رن وے پر پہنچنے سے پہلے ہی آبادی والے علاقے میں مکانات سے ٹکرا گیا، جس وقت طیارہ مکانات کی بالائی منزل سے ٹکرایا اس وقت وہ گلائیڈ کر رہا تھا۔ قومی ائیرلائن کی پرواز پی کے 8303 کو لینڈنگ کے وقت حادثہ پیش آیا اور طیارہ 2 بجکر 37 منٹ پر گرگر تباہ ہوگیا جبکہ جہاز میں عملے کے 7 ارکان سمیت 98 افراد سوار تھے۔

لینڈنگ گیئرجام

مزید :

صفحہ اول -