عید سادگی سے منائی جائیگی،سرکاری طور پر کوئی تقاریب منعقد نہیں ہونگی: عثمان بزدار

    عید سادگی سے منائی جائیگی،سرکاری طور پر کوئی تقاریب منعقد نہیں ہونگی: ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہپنجاب حکومت نے عید سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا ہے،سرکاری طور پر عید کے حوالے سے کسی قسم کی تقریبات نہیں ہوں گی۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے عوام کو عید خریداری میں ماسک پہننے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزرگان دین کے مزارات کھول دئیے، زائرین سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھیں۔وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے عید سادگی سے منانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری سطح پر عید ملن پارٹیاں نہیں ہوں گی۔ عوام خود بھی کورونا سے بچیں اور ا پنے پیاروں کو بھی بچائیں،پابندیوں او ربندشوں میں نرمی کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایاجائے،عید کی خریداری کے دوران ماسک اور سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھا جائے،کورونا ختم نہیں ہوا، احتیاط اور بچاؤ کی تدابیر ناگزیر ہیں۔گزشتہ روزیہاں وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزراء اور ارکان اسمبلی سے ملاقات گفتگو کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہاکہ کورونا کے ساتھ ساتھ غربت اور بیروزگاری کے چیلنج کا بھی سامنا کررہے ہیں،بزرگان دین کے مزارات کھول دئیے گئے،زائرین سماجی فاصلہ اختیار کریں۔ اجتماعی بصیرت کے ساتھ کورونا کے چیلنج میں سرخرو ہوں گے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ لوگوں کو فاقہ کشی سے بچانے کیلئے کاروباری سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔چاہتے ہیں کہ کورونا سے بچاؤ کے اقدامات کے ساتھ ساتھ معمولات زندگی بحال ہوں۔روز گار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے مواصلاتی منصوبوں پر تعمیراتی سرگرمیوں کا آغاز کررہے ہیں اور ایسے ترقیاتی منصوبے لا رہے ہیں جن سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کوروزگار ملے۔مزدور کا چولہا جلانے کے لئے انڈسٹری اور ٹرانسپورٹ کا پہیہ چلانے کی اجازت دی۔مشکل اقتصادی حالات کے باوجود مزدور طبقے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بتایاکہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے مربوط اور منظم کوششیں جاری ہیں۔حکومت پنجاب،مقامی انتظامیہ، محکمہ زراعت اور آرمی کے تعاون سے ٹڈی دل کو ختم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے سپرے کے علاوہ دیگر موثر طریقہ کار اپنایا جائے۔ ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے پنجاب کے مختلف شہروں کا دورہ کر کے خود جائزہ لے رہا ہوں۔پنجاب کے مختلف شہروں میں ٹڈی دل کاحملہ نقصان کا سبب بن سکتا ہے۔اسی لئے ہر ضلع کی انتظامیہ کو الرٹ کردیا گیا ہے تاکہ ٹڈی دل کے حملے کو ابتدا ء ہی میں پسپا کیاجاسکے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ آفس میں لاہو ر کے آثار قدیمہ پر باتصویر یادگاری کتاب دی مونو مینٹس آف لاہور ”The Monuments of Lahore“ کی رونمائی کی۔ صوبائی وزیر یوتھ افیئرز،سیاحت،سپورٹس و آرکیا لوجی تیمور بھٹی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو کتاب پیش کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کالاہور کی یادگار عمارتوں کی تاریخ کو محفوظ بنانے کیلئے کتاب مرتب کرنے پر محکمہ آرکیالوجی کی کاوش کو قابل ستائش قرار دیا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ کتاب میں لاہور کی 83یادگار عمارتوں کی تاریخ کو محفوظ کیاگیاہے۔پاکستان خصوصاً لاہورکی تاریخی عمارتیں ہمارا قابل قدر اورمنفرد اثاثہ ہیں۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -