ملک میں آئندہ ہفتے کورونا کیسزمیں 20 فیصد اضافے کا خدشہ،قومی ادارہ صحت
اسلام آباد (این این آئی)حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ لاک ڈاؤن ہٹانے کی وجہ سے آئندہ ہفتے سے روزانہ کے کیسز میں 15 سے 20 فیصد اضافہ ہوسکتا ہے۔قومی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عامر اکرام نے میڈیا کو بتایا کہ اندازوں کے مطابق حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن ہٹانے کے فیصلے کے نتیجے میں روزانہ کے کیسز میں 15 سے 20 فیصد اضافہ ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ وائرس کے ظاہر ہونے کا عرصہ 5 سے 7 دن ہے اس لیے ہمیں خدشہ ہے کہ عوام کے درمیان رابطوں میں اضافہ ہونے کی وجہ سے روزانہ کی کیسز کی تعداد بھی بڑھے گی اور کیسز میں اضافے کی فیصد کا تعین کرنے کیلئے آئندہ ہفتے ہم بہتر پوزیشن میں ہوں گے۔انہوں نے عوام کو ہدایت کی کہ عید کے موقع پردوست احباب سے ملاقاتوں میں، مارکیٹ اور کام کی جگہوں پر جاتے ہوئے احتیاطی اقدامات اپنائیں۔ڈاکٹر عامر اکرام نے کہا کہ عید کی تعطیلات کے باوجود این سی او سی ملک میں وبا کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے روزانہ اجلاس کرے گی۔
قومی ادارہ صحت