یوم القدس، ملتان سمیت مختلف شہروں میں امریکہ، اسرائیل کیخلاف مظاہرے

  یوم القدس، ملتان سمیت مختلف شہروں میں امریکہ، اسرائیل کیخلاف مظاہرے

  

ملتان، ڈیرہ، کو ٹ ادو،وہاڑی (سٹی رپورٹر، تحصیل رپورٹر، بیورو رپورٹ،نامہ نگار)مختلف جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے ملک بھر میں مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل کے خلاف گزشتہ روز جمۃ الوداع کو یوم القدس کے طور پر منایا گیا، امریکی و(بقیہ نمبر14صفحہ6پر)

اسرائیلی پرچم سمیت امریکی صدر اور اسرائیلی وزیراعظم کے پتلے بھی نذرآتش کیے گئے، ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے کئے گئے۔ ملتان میں بھی شیعہ علماء کونسل، مجلس وحدت مسلمین، وفاق علماء شیعہ پاکستان، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی، قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی اور اسرائیل سے نفرت کے اظہار کے لئے جمعۃالوداع کو یوم القدس کے طور پر منایا گیا۔ اس سلسلہ میں شیعہ علماء کونسل، وفاق علماء شیعہ پاکستان اور جعفریہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام چوک نواں شہر پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں ملتان کے مختلف علاقوں سے لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر اسرائیلی پرچم بھی نذرآتش کیا گیا۔ احتجاج میں علامہ سید کاشف ظہور نقوی، مولانا غلام شبیر حیدری، مولانا تنویر عباس قمی، مولانا اعجاز جعفری، مولانا غلام مصطفی، بشارت قریشی، سید محمد شاہ، ذیشان حیدری، حیدر زمان، مولانا غلام مرتضیٰ، مولانا افضل جعفری، مولانا سبطین خان، مولانا تقی گردیزی، مولانا ثقلین روحانی، ذیشان حیدر شمسی، باقر حسین، انیس نقوی، علی قاسم، الطاف حسین، کامران حیدر، محمد علی رضوی، یاسر عباس، علی ہاشم، اقبال حسین، مرید حسین اور دیگرنے شرکت کی۔ مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید علی رضا نقوی نے کہا کہ امام خمینی نے مسلمانوں کے خطرناک اور درندہ صفت دشمن اسرائیل کی سازشوں کو بھانپتے ہوئے مسلمانوں کو یہویوں کے خلاف متحد کرنے اور فلسطینیوں کی مظلومانہ اواز کو دنیا تک پہنچانے کے لئے جمعۃالوداع کو یوم القدس کا نام دیا، یوم القدس مظلوم اور ستم زدہ لوگوں کا دن ہے اس میں شرکت دین الٰہی اور انسانی فریضہ ہے۔ انہوں نے قبلہ اول پر اسرائیلی ناجائز قبضے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد اْمت ہی مسلمانوں کے مسائل کا واحد حل ہے مسلم ممالک مشترکہ مسائل پر ایک موقف اختیار کریں تو مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں ایک منصوبے کے تحت محاذ آرائی اور قتل و غارت گری کا بازار گرم ہے جس کا مقصد اسرائیل کو مضبوط کرنا اور قدس کی آزادی کا راستہ روکنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبلہ اول کی آزادی مسلمانوں کی ناموس اور اسلام کی سر بلندی کا مسئلہ ہے جس کے لئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہو گا۔ مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام عالمی یوم القدس کے موقع پرملک بھر میں فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ ملتان میں یوم القدس کی ریلی نماز جمعہ کے بعد امام بارگاہ شاہ گردیز سے نکالی گئی، ریلی میں خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے فلسطینی پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اْٹھا رکھے تھے جن پر بیت المقدس کی آدازی کے نعرے درج تھے۔ ریلی کے شرکائنے امریکہ اور اسرائیل کے پرچم اور امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہوکے پتلے بھی نذرآتش کیے۔ ریلی میں علامہ اقتدار حسین نقوی، علامہ قاضی نادر علوی، شہریا رحیدر، مولانا وسیم معصومی، مولانا اعجاز بہشتی، مولانا عمران ظفر، مولانا صابر بلوچ، مولانا سید علی حسنین مولانا فرمان علی روحانی نے شرکت کی۔ملتان سمیت ملک بھر میں جمعۃالوداع مذہبی عقیدت واحترام سے منایا گیا۔ ملک کے دیگر شہروں کی طرح ملتان و گردونواح میں بھی مساجد و مدارس ودیگر مقامات پر جمعۃالوداع کے موقع پر نماز جمعہ کے بڑے اجتماعات ہو ئے، ملک وقوم کی سلامتی اور باران رحمت کے لئے خصوصی طور پر دعائیں مانگی گئیں۔ اس ضمن میں شاہی عید گاہ خانیوال روڈ پر جمعۃ الوداع کے موقع پر نماز جمعہ کے بڑے اجتماع میں امیر جماعت اہل سنت پاکستان علامہ سید مظہر سعید کاظمی نے دعا کرائی۔ اسی طرح ابدالی مسجد، درگاہ حضرت شاہ رکن عالم،درگاہ حضرت بہاؤالدین زکریا، درگاہ حضرت شاہ گر دیز،درگاہ حضرت شاہ شمس ،جامع انوار العلوم نیو ملتان،جامعہ ہدایت القرآن ممتاز آباد، جامع مسجد خیرالمدارس چونگی نمبر 14 ودیگر مقامات پر نماز جمعہ کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہو ئے جس میں نمازیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر علما ء کرام،خطباء نے ملک و قوم کی سلامتی اور امن و امان کے قیام کے سلسلے میں خصوصی طور پر دعائیں بھی کرائیں۔قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی کال پرشیعہ علماء کونسل کے زیرِ اہتمام یوم القدس کے موقع پر قبلہ اول پر اسرائیلی قبضے،فلسطینی مسلمانوں پر مظالم کے خلا ف احتجاجی مظاہرہ کیاگیا مظاہرین نے مرکزی امام بار گاہ رضویہ کے سامنے مظاہرہ کیا جس میں سینکڑوں افراد شریک تھے جنہوں نے بینر اور پلے کارڈ اٹھاکر امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرہ بازی مظاہرین سے مولانا سجاد حسین انقلابی، علامہ شاہد حْسین نقوی،کرم حُسین زرگراور میاں ضیغم عباس صدیقی محمد حادی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ مسلمان ممالک جن میں یمن،برما،شام،عراق،کشمیر،فلسطین،افغانستان و دیگر ممالک میں ظلم کررہاہے مسلمان ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں نام نہاد امن کے ٹھکیدار یہودی طاقتیں مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ تو ڑ رہی ہیں اس وقت تمام مسلم ممالک متحد ہونے کی ضررت ہے یوم القدس،قبلہ اول کسی ایک برادری کا مسئلہ نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کا مسئلہ ہے پاکستان یہ مسئلہ اقوام متحد ہ میں اٹھائے ریلی کے شرکاء اس موقع پر تحریک اسلامی،جے ایس او،انجمن شیعان حیدرکرار،انجمن حیدریہ کے کارکنان نے شرکت کی۔ملک بھر کی طرح کوٹ ادو میں بھی جامعہ دار الزہراء نزد تونسہ موڑ میں یوم القدس منایا گیا،جس میں تحصیل بھر سے آئمہ جمعہ و جماعت اور معززین علاقہ سید سجاد حسین کاظمی،سید ماجد حسین گیلانی،مولانا احسان علی اتحادی،عمر فاروق بلوچ ایڈوکیٹ و دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور کثرت رائے سے قرارداد پاس کی گئی جس میں اسرائیل امریکہ کی بھرپور مذمت کی گئی اور فلسطین کے تمام علاقے خالی کرنے اور بیت المقدس کو مسلمانوں کے لیے کھولنے اور آزاد کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا،اس موقع پر قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کا پیغام بھی سنایا گیااور قائد ملت سے وفاداری کے عہد کا اعادہ کیا گیا،اس موقع پر علامہ احسان علی اتحادی نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین میں ظلم کی فضا بین الاقوامی اداروں کے منہ پر بدنما داغ ہے، بین الاقوامی اداروں کو چاہئے کہ کشمیر اور فلسطین کے مسئلے کو حل کر کے مظلوم مسلمانوں کو ظلم سے نجات دلائی جائے۔جمعۃ الوداع اور یوم القدس کے حوالہ سے پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ضلع بھر میں 1541 افسران نے ڈیوٹی سرنجام دی تفصیل کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی احسان اللہ چوہان کی ہدایات پر جمعۃ الوداع اور یوم القدس کے حوالے سے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئیضلع بھر کی 526 عبادت گاہوں کیلئے 1541پولیس افسران و اہلکاران، والنٹیرز، پولیس رضا کاران اور لیڈی پولیس سیکیورٹی ڈیوٹی کی خدمات سر انجام دیں حکومتی ہدایات کے مطابق یوم القدس کے حوالہ سے کوئی ریلی نہیں نکالی گئی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی احسان اللہ چوہان کی ہدایات کے مطابق پولیس اہلکاران نے انتہائی مستعد اور چوکنا رہتے ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیئے اوراہم مقامات پر سنیپ چیکنگ بھی کی گئی۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -