بنگلہ دیش کو پاکستان سے فاسٹ باؤلنگ کے گر سیکھنے چاہئیں، تمیم اقبال

  بنگلہ دیش کو پاکستان سے فاسٹ باؤلنگ کے گر سیکھنے چاہئیں، تمیم اقبال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ڈھاکہ (مانیٹرنگ ڈیسک ) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج اوپننگ بلے باز تمیم اقبال نے اپنی ٹیم کو پاکستانی باؤلنگ اٹیک سے سیکھنے کا مشورہ دیدیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق کپتان رمیز راجہ کے ساتھ انٹرویو میں تمیم اقبال نے کہا کہ بنگلہ دیش کو پاکستان سے فاسٹ باؤلنگ کے گر سیکھنے چاہئیں کیونکہ پاکستان وہ ٹیم ہے جس سے ہمیں سیکھنا چاہئے۔ڈومیسٹک میچز میں دونوں ممالک کے پلیئرز ایک جیسے پچز پر کھیلتے ہیں لیکن اس کے باوجود پاکستان ہمیشہ سے ٹاپ کلاس فاسٹ باؤلر تیار کرتا رہا ہے۔ تمیم اقبال نے کہا کہ اگر ہم وہ راستہ اپنائیں جس راستے پر پاکستان چل رہا ہے تو ہم بنگلہ دیش کرکٹ کی مدد کر سکتے ہیں،یہ عمل خصوصاً فاسٹ با?لنگ کے شعبہ کیلئے مددگار ثابت ہوگا۔انہوں نے دوسرا سپیشلسٹ سعید اجمل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آف سپنر نے ہمیں بہت سے انٹرنیشنل میچز میں مشکلات سے دوچار کیا، سعید اجمل اپنے عروج کے زمانے میں ناقابل فہم باؤلر تھے، آپ ان کی گیند کو ٹھیک سے سمجھ نہیں سکتے، میں بھی ٹھیک سے سمجھ نہیں سکتا تھا۔اوپنر کا کہنا تھا کہ سپنرز پر ہمارے بہت زیادہ انحصار، بھروسہ اور اعتماد کی وجہ سے ہم پاکستان جیسے فاسٹ باؤلر تیار نہیں کر سکے اور ہمیں چاہئے کہ ہم ناصرف پاکستان کے فاسٹ باؤلنگ اٹیک سے سیکھیں بلکہ ان کے اختیار کردہ طریقہ کار پر عمل کریں تاکہ اس خلا کو پر کیا جا سکے۔