جنرل ہسپتال، عید کی چھٹیوں کے دوران مریضوں کے علاج کے انتظامات مکمل

جنرل ہسپتال، عید کی چھٹیوں کے دوران مریضوں کے علاج کے انتظامات مکمل

  

لاہور(جنرل رپورٹر)عید الفطر کی تعطیلات کے دوران لاہور جنرل ہسپتال اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کی انتظامیہ نے مریضوں کے علاج معالجے اور بالخصوص کورونا وارڈ میں خصوصی سہولتیں بہم پہنچانے کے لئے انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور اس امر کو یقینی بنایا گیا ہے کہ چھٹیوں کے باوجود 24گھنٹے ڈاکٹرز اور طبی عملہ موجود ہو۔اس سلسلے میں پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے علیحدہ علیحدہ نوٹیفکیشن جاری کیے ہیں جن میں واضح کیا گیا ہے کہ کوئی بھی گزیٹڈ آفیسرمجازاتھارٹی کی اجازت کے بغیر سٹیشن نہیں چھوڑے گا جبکہ ڈی ایم ایس سمیت ہسپتال و انسٹی ٹیوٹ کے ملازمین دوسری شفٹ کو چارج دیے بغیر نہیں جا سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ایل جی ایچ کی کورونا ہیلپ لائن 24گھنٹے فعال رہے گی جبکہ شہری کنٹرول روم کے فون نمبر042-99268817پر کسی وقت بھی انتظامی ڈاکٹر سے رابطہ کر سکیں گے۔

دونوں اداروں کے سربراہوں نے عید کی تعطیلات کے دوران مریضوں کو خصوصی کھانا فراہم کرنے کی ہدایت کی۔اسی طرح صفائی ستھرائی کے معیار کو یقینی بناتے ہوئے ایمبولنس اور جنریٹر اپ ڈیٹ رکھنے کا حکم بھی دیا گیا۔ پرنسپل اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے کہا کہ ان چھٹیوں میں ایم ایس صاحبان تمام معاملات کو خود مانیٹر کریں گے اور کورونا سمیت تمام مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنا ئی جائے گی،احتیاطی اور حفاظتی تدابیرکو مد نظر رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کہیں کوئی ملازم غیر حاضر پایاگیا تو اُس کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -