ایل ڈبلیو ایم سی کا عیدالفطر پر صفائی پلان مرتب، عملہ کی چھٹیاں منسوخ

ایل ڈبلیو ایم سی کا عیدالفطر پر صفائی پلان مرتب، عملہ کی چھٹیاں منسوخ

  

 لاہور(جنرل رپورٹر)چئیرمین اور ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی خصوصی ہدایت پر عید الفطر کے حوالے سے جامع صفائی پلان مرتب کر لیا گیا۔ چاند رات سے عید کے تیسرے دن تک شہر میں صفائی کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے افسران بالا سمیت تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ چاند رات پر شہر میں خصوصی زیرو ویسٹ آپریشن کیا جائے گا۔ بین الاقوامی کنٹریکٹر کمپنیوں البیراک و اوزپاک کو بھی عملہ و مشینری کے ساتھ الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ صفائی کی ہیلپ لائن 1139 بھی الرٹ رہے گی اور عید کے چار دنوں میں موصو ل ہونے والی شکایات کا کم سے کم وقت میں ازالہ کیا جائے گا۔ کمپنی کی طر ف سے آپریشنز ڈپارٹمنٹ کو جاری مراسلے کے مطابق عملہ چاند رات سے ہی شہر کے اہم مقامات،بازاروں اور چوراہوں پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لے گا اور عید الفطر کی نماز سے قبل صفائی انتظامات کو حتمی شکل دے گا۔ چاند رات کی درمیانی شب سے شروع ہونے والے آپریشنز میں شہر کی تمام چھوٹی بڑی مساجد، عید گاہوں، قبرستانوں،ملحقہ راستوں کی صفائی کی جائے گی۔

متعلقہ افسران کو مساجد اور عیدگاہوں کی تسلی بخش صفائی کے بعد انتظامیہ سے کنفرمیشن سرٹیفیکیٹ لینے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔محکمے کی جانب سے عید سے قبل مساجد کو دھونے اور قبرستانوں میں صفائی کا عمل بھی جاری رہے گا۔نماز عید سے قبل شہر کی اہم سڑکوں، چوراہوں، پلوں اور انڈرپاسوں کی صفائی و دھلائی کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ شہر کے تمام پررونق مقامات پر رکھے گئے کنٹینروں اور کوڑے دانوں کو بروقت خالی کرنے کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔ چئیرمین اور ایم ڈی ایل ڈبلیو ایم سی نے عید الفطر کے موقع پر زندہ دلان لاہور کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے اور لوگوں سے شہر کو گندگی سے پاک رکھنے کے لیے اور کرونا وائرس سے ممکنہ بچاو وپھیلاو کے حوالے سے ذمہ دارانہ رویہ اپنانے کی اپیل کی ہے تاکہ عید کے پر مسرت موقع پر شہر میں صفائی کی صورتحال کو یقینی بنایا جاسکے۔ شہر ی اپنی شکایات کی صورت میں ایل ڈبلیو ایم سی کی ہیلپ لائن 1139اور کلین لاہور ایپ کا استعمال کریں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -