پولیس اہلکاروں کو بہترین کارکردگی پر نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا گیا

پولیس اہلکاروں کو بہترین کارکردگی پر نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا ...

  

پشاور(کرائم رپورٹر)کپیٹل سٹی پولیس آفیسر محمد علی گنڈا پور نے شعبہ تفتیش سے وابستہ پولیس اہلکاروں کو مختلف سنگین جرائم کی تفتیش کے دوران بہترین کارکردگی کے مظاہرہ پر نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا ہے، گزشتہ روز ملک سعد شہید پولیس لائن پشاور میں ہونے والی سادہ مگر پروقار تقریب کے دوران ایس ایس انوسٹی گیشن شہزادہ کوکب فاروق بھی موجود تھے، اس موقع پر سی سی پی او محمد علی گنڈا پور نے پولیس اہلکاروں پر واضح کیا کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کے لئے توصیفی اسناد و نقد انعامات دینے کا سلسلہ اسی طرح چلتا رہے گا، انہوں نے شعبہ تفتیش کو ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے تفتیشی افسران کو اسی طرح جانفشانی اور تندہی سے کام کرنے اور سنگین جرائم کی تفتیش میں مزید بہتر کارکردگی دکھانے کی ہدایت کی، سی سی پی او نے مزید کہا کہ خیبر پختونخواہ پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران ہرلاول دستے کا کردار ادا کرتے ہوئے امن بحال کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، اور دو دہائیوں پر محیط طویل جنگ کے دوران افسروں و اہلکاروں نے شجاعت اور دلیری کے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں، انہوں نے تفتیشی افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سنگین جرائم کی تفتیش کو قلیل مدت میں مکمل کر کے محکمہ کے وقار میں مزید اضافے کا سبب بن سکتے ہیں تقریب کے دوران اندھے قتل، ڈکیتی سمیت دیگر سنگین جرائم کی تفتیش کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران و اہلکاروں کو نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا گیاتقریب کے دوران سی سی پی او محمد علی گنڈا پور نے تفتیشی افسران و اہلکاروں کی بہترین کارکردگی کی تعریف کی، انہوں ایس ایس پی انوسٹی گیشن شہزادہ کوکب فاروق کو جامع تفتیش کو یقینی بنانے اور تفتیش کو جدید سائنسی خطوط پر استوار کرنے کی خاطر تمام وسائل بروئے کار لانے کی بھی ہدایت کی

مزید :

پشاورصفحہ آخر -