" میں کسی وجہ سے جہاز پر نہ پہنچ سکی اور۔۔۔" پی آئی اے طیارہ حادثہ، بچ جانیوالی ایئرہوسٹس کا ویڈیو پیغام آگیا

" میں کسی وجہ سے جہاز پر نہ پہنچ سکی اور۔۔۔" پی آئی اے طیارہ حادثہ، بچ جانیوالی ...

  

کراچی(ویب ڈیسک) حادثے کا شکار ہونے والے پی آئی اے کے طیارے کی ایئر ہوسٹس مدیحہ ارم کی ڈیوٹی میں تبدیلی نے ان کی جان بچا لی۔

  ایئر ہوسٹس نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا ہے کہ پی آئی اے کی پرواز میں ڈیوٹی لگی لیکن کسی وجہ سے جہاز پر نہیں جا سکی۔انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے میں خیریت سے ہوں اور ان تمام لوگوں کی شکرگزار ہوں جنہوں نے میرے لیے دعا کی۔

یاد رہے کہ قومی ایئرلائن پی آئی اے کا مسافر طیارہ کراچی میں لینڈنگ سے کچھ دیر قبل رہائشی علاقے ماڈل کالونی میں گر کر تباہ ہوگیا تھا جس سے متعدد افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

ادھر ہم نیوز کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 میں 99 مسافر اور عملے کے 8 ارکان سوار تھے تاہم جاں بحق افراد کے حتمی اعداد و شمار نہیں دیے گئے۔مسافر طیارہ لاہور سے کراچی کیلئے روانہ ہوا تھا اور کراچی ایئرپورٹ کے قریب ماڈل کالونی میں گر کر تباہ ہوا۔پی آئی اے کے طیارے نے حادثے سے ایک گھنٹہ30 منٹ قبل لاہور ایئر پورٹ سے اڑان بھری تھی اور کراچی ائیر پورٹ پر لینڈنگ سے کچھ دیر پہلے گرکر تباہ ہوا۔

ذرائع کے مطابق حادثے سے قبل طیارے کے کپتان نے ایئر ٹریفک کنٹرول کو مے ڈے کال کی اور بتایا کہ طیارے کے انجن خراب ہو چکے ہیں۔ کپتان نے اے ٹی سی کو بتایا کہ ہم بائیں جانب ٹرن لے رہے ہیں۔ مے ڈے کال کے بعد طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ پی آئی اے کی ایئربس320 نے لاہور سے اڑان بھری تھی تاہم مزید معلومات کچھ دیر بعد پریس کانفرنس میں بتائی جائیں گی۔ترجمان نے بتایا کہ پی آئی اے کے آپریشنل ملازمین کو ڈیوٹی پر طلب کر لیا گیا ہے اور ایمرجنسی کال سنٹر بھی فعال کر دیا گیا ہے۔

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -