طیارہ حادثہ، امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا بیان بھی آ گیا

طیارہ حادثہ، امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا بیان بھی آ گیا
طیارہ حادثہ، امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا بیان بھی آ گیا

  

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کراچی میں پی آئی اے کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے اہل خانہ کیساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں جہاز کے گر کر تباہ ہونے کی خبر پر مجھے ایک دھچکا لگا ہے اور انتہائی افسوس ہے۔ میں ہلاک و زخمی ہونے والوں اور ان کے خاندانوں کیلئے دعاگو ہوں۔ اس مشکل گھڑی میں امریکہ پاکستان کیساتھ کھڑا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز دوپہر کو لاہور سے کراچی آنے والی پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی پرواز 8303 کراچی میں لینڈنگ سے 30 سیکنڈ قبل حادثے کا شکار ہوگئی تھی۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق طیارے نے دوپہر 2 بج کر 40 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا اور لینڈنگ اپروچ پر تھا کہ کراچی ایئر پورٹ کے جناح ٹرمینل سے محض چند کلومیٹر پہلے ملیر ماڈل کالونی کے قریب جناح گارڈن کی آبادی پر گر گیا۔

حادثے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی جس نے قریبی آبادی کو بھی لپیٹ میں لے لیا جبکہ طیارے کے مختلف حصے ٹوٹ کر آبادی میں بکھر گئے جنہوں نے مکانات کو نقصان پہنچایا تھا۔طیارے میں سوار 97 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ 2 مسافر اس حادثے میں محفوظ رہے۔پاک فوج، رینجرز، پولیس، سول ایوی ایشن، فائر بریگیڈ اور دیگر اداروں کی جانب سے امدادی کارروائیاں کی گئیں۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -بین الاقوامی -